نائیجیریا میں جھڑپوں پر ایران کی وزارت خارجہ کا اظہار افسوس
اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے نائیجیریا میں ہونے والی جھڑپوں پر گہرے افسوس اور دکھ کا اظہار کرتے ہوئے مذہبی شخصیات اور مقدس مقامات کے احترام پر تاکید کی ہے-
فارس نیوز ایجسنی کی رپورٹ کے مطابق ترجمان وزارت خارجہ حسین جابر انصاری نے نائیجیریا کے صوبہ کادونا کے شہر زاریا میں کل اور آج ہونے والی جھڑپوں پر شدید افسوس کا اظہار کرتے ہوئے، کہ جس میں مسلمانوں اور نمازیوں کی ایک بڑی تعداد شہید اور زخمی ہوگئی، دینی و مذہبی شخصیات اور مقدس مقامات کے احترام کی ضرورت پر تاکید کی ہے-
انہوں نے کہا کہ اسلامی تعاون تنظیم کا ایک اہم ملک ہونے کی حیثیت سے نائیجیریا کو اس وقت انتہا پسندی اور تکفیری دہشت گردی سے وجود میں آنے والے مسائل کا سامنا ہے اور ہمیں امید ہے کہ ان حالات میں دہشت گردی سے مقابلے کے لئے قومی یکجہتی اور امن کے تحفظ کو ترجیح دی جائے گی اور عجلت پسندانہ اورغیرتعمیری اقدامات سے پرہیز کیا جائے گا -
واضح رہے کہ نائیجیریا میں فوج نے اس ملک کے ممتاز شیعہ مذہبی رہنما آیت اللہ ابراہیم الزکزکی کے گھر پر حملہ کرکے ان کو گرفتار کرلیا اور ان کے گھر کو آگ بھی لگائی اور گھر کے کئی حصوں کو تباہ کردیا۔
اس حملے میں نائیجیریا کی فوج نے دھماکا خیز مواد بھی استعمال کیا ۔ فوج کے حملے میں دسیوں افراد منجملہ ان کا بیٹا ، بیوی اور ان کے نائب شہید ہوگئے-