ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف سنہ دو ہزار پندرہ کی ممتاز سیاسی شخصیت
گلوبل رسک انسائٹ نامی ادارے نے ایران کے وزیرخارجہ کو سنہ دو ہزار پندرہ کی ممتاز سیاسی شخصیت قراردیاہے.
گلوبل ریسک انسائٹ نامی ادارے کی ویب سائٹ نے لکھا ہےکہ سنہ دوہزار پندرہ میں ایران کے وزیرخارجہ محمد جواد ظریف سیاسی رسک لینے والی سب سے اہم شخصیت کے طورپر منتخب ہوئے ہیں - مذکورہ ویب سائٹ نے لکھا کہ جس طرح دوہزار چودہ میں ہندوستانی وزیراعظم نریندرمودی مین آف دی ایئر قرارپائے تھے اسی طرح ایران کے وزیرخارجہ جواد ظریف بھی عالمی برادری اور عالمی اقتصاد کے ساتھ بات چیت کے لئے موقع فراہم کرنےوالی شخصیت قرار پائے ہیں -
گلوبل ادارے نے چودہ جولائی دوہزارپندرہ کو ویانا میں ایران اور پانچ جمع ایک کے درمیان ایٹمی معاہدے کورواں سال کا اہم ترین واقعہ قراردیا اور لکھا کہ جواد ظریف کی سفارتکاری نے ایران اور امریکا کو یہ موقع دیا کہ وہ ایٹمی سمجھوتے اور اقتصادی پابندیوں کے خاتمے کے لئے ایک دوسرے سے بات چیت کریں-
مذکورہ ویب سائٹ نے لکھا ہےکہ ایران کی خارجہ پالیسی کو چلانے والی ایک اہم شخصیت کے طور پر ایرانی وزیرخارجہ کی توانائی اورکردار نے پابندیوں کے خاتمے کے بعد کے دور کے لئے بے پناہ مواقع فراہم کئےہیں -
مذکورہ ویب سائٹ نے لکھا ہے کہ ایرانی وزیرخارجہ جواد ظریف کی سفارتکاری کے باعث شام اور عراق میں دہشت گرد گروہ داعش کے خلاف جنگ کے لئے ایران اور مغربی ملکوں کے درمیان تعاون ممکن ہوا ہے -