ایران کے میزائل پروگرام کے فروغ کا عمل جاری رہے گا، ڈاکٹر لاریجانی
ایران کے پارلیمانی اسپیکر نے تاکید کے ساتھ کہا ہے کہ میزائل ٹیکنالوجی کے فروغ سے متعلق ایران کا عمل بدستور جاری رہے گا۔
ایران کی مجلس شورائے اسلامی کے سربراہ ڈاکٹر علی لاریجانی نے بوشہر ایرپورٹ پر ایک بیان میں ایران کے خلاف نئی امریکی پابندیوں کے فیصلے پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے تاکید کے ساتھ کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران، ایٹمی ٹیکنالوجی کا حامل ملک ہے اور اس سے اس ٹیکنالوجی کو ہرگز کوئی نہیں چھین سکتا۔
انھوں نے کہا کہ ایران نے مستحکم پوزیشن میں آکر گروپ پانچ جمع ایک کے ساتھ مذاکرات کی تجویز کا خیر مقدم کیا اور گروپ پانچ جمع ایک میں سے کسی بھی ملک نے اگر ایٹمی معاہدے کو متاثر کرنے کی کوشش کی تو اسے نہ صرف اس گروپ میں شامل دیگر ملکوں کی تنقید بلکہ عالمی سطح پر تنہائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔
انھوں نے کہا کہ ایران کے آئندہ سال کے بجٹ میں مقابل فریق کے غیر منطقی اقدامات کا مقابلہ کرنے کے لئے مکمل آمادگی کے ساتھ مختلف منصوبوں کو مدنظر رکھا گیا ہے۔
ڈاکٹرعلی لاریجانی نے ایران کا سفر کرنے والوں کے بارے میں امریکہ کی نئی ویزا پالیسی کے بارے میں بھی کہا کہ امریکہ کو اپنے اس قسم کے اقدامات کا کوئی نتیجہ حاصل نہیں ہوگا اور اسلامی جہوریہ ایران، اس سلسلے میں بھی منطقی طور پر بھرپور جواب دے گا۔