لیبیا میں کئے جانے والے دہشت گردانہ حملے کی مذمت
اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے لیبیا میں جمعرات کے دن دسیوں بے گناہ انسانوں کے جاں بحق اور زخمی ہونے پر منتج ہونے والی دہشت گردانہ کارروائی کی مذمت کی ہے۔
ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان صادق حسین جابری انصاری نے جمعرات اور جمعے کی درمیانی رات لیبیا کی سیکورٹی کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا اور لیبیا کے عوام کے مفادات اور دہشت گردی کی نفی کی بنیاد پر قومی مذاکرات کے دائرۂ کار میں موجودہ صورتحال کے خاتمے کی ضرورت پر تاکید کی۔
ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے مزید کہا کہ تہران نے دہشت گردوں کی مالی اور اسلحہ جاتی مدد اور ان کی فکری تربیت کرنے والے ممالک اور اغیار کی جانب سے دہشت گرد گروہوں کو آلۂ کار کے طور پر استعمال اور ان کی حمایت کئے جانے کے بارے میں ہمیشہ خبردار کیا ہے اور ان کی اس پالیسی کے منفی نتائج اور خطرات خطے اور دنیا کے مختلف ممالک میں نظر آ رہے ہیں۔
واضح رہے کہ لیبیا کے شہر زلیٹن میں ایک ٹرک بم دھماکے میں جاں بحق ہونےوالوں کی تعداد ستّر تک پہنچ گئی ہے۔