ایران کے خلاف پابندیاں لاحاصل رہی ہیں : صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی
صدر مملکت نے ایک بار پھر اس بات پر زور دیا ہے کہ ایران کے خلاف پابندیاں بے اثر رہی ہیں۔
صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے پیر کو ایران کے جنوبی صوبے بوشہر میں جنوبی پارس گیس فیلڈ کے پندرہویں اور سولہویں فیز کی افتتاحیہ تقریب سے خطاب میں کہا کہ ایران کے خلاف دشمنوں کی تمام سازشیں اور ان کی جانب سے ڈالی جانے والی تمام رکاوٹیں ناکام رہی ہیں۔
انھوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے عوام کی حمایت اور رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای کی رہنمائیوں کے نتیجے میں زیادہ دشوار راستہ عبور کر لیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ پابندیوں کے خاتمے کے بعد حکومت کے اس بڑے کام کی عظمتیں سامنے آئیں گی ۔
انھوں نے کہا کہ استقامتی اقتصاد جس پر رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای زیادہ تاکید فرماتے ہیں، یہ ہے کہ لوگ اپنے پیروں پر کھڑے ہوں اور نوجوانوں کی استعداد اور صلاحیتوں سے فائدہ اٹھایا جائے۔
قابل ذکر ہے کہ ایران کی جنوبی پارس گیس فیلڈ کے پندرہویں اور سولہویں فیز کے افتتاح کے بعد اس گیس فیلڈ سے روزانہ چھپن ملین مکعب میٹرقدرتی گیس نکالی جائے گی۔