مشترکہ جامع ایکشن پلان پرعمل درآمد اور پابندیوں کا خاتمہ ایرانی عوام کی بڑی کامیابی ہے: تہران کے خطیب جمعہ آیت اللہ سید احمد خاتمی
تہران کے خطیب جمعہ نے کہا ہے کہ مشترکہ جامع ایکشن پلان پرعمل درآمد اورپابندیوں کا خاتمہ ایرانی عوام کی استقامت و حمایت کی بدولت حاصل ہونےوالی ایک بڑی کامیابی ہے۔
تہران کے خطیب جمعہ آیت اللہ سید احمد خاتمی نے ایٹمی معاہدے پرعمل درآمد اور پابندیوں کے خاتمے کا ذکرکرتے ہوئے اس سلسلے میں اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر، وزیرخارجہ اور ایران کی ایٹمی مذاکراتی ٹیم کی کوششوں کی، جنھوں نے ایرانی عوام کے مفادات کے دائرےمیں اس معاملے کو حل کیا، تعریف کی-
تہران کے خطیب جمعہ نے کہاکہ اگرچہ ایران اور پانچ جمع ایک گروپ کے درمیان معاہدہ ایک مکمل معاہدہ نہیں ہے لیکن اقتصادی پابندیوں کے خاتمے اور ایرانی عوام کے ایٹمی حق کو تسلیم کئے جانے پر مبنی اسلامی جمہوریہ ایران کا مطالبہ پورا ہوگیا-
انہوں نے امریکی صدر باراک اوباماکے ذریعے ایران پرعائد سابقہ پابندیوں کے خاتمے کے متن پر دستخط کے ساتھ ہی مزید پابندیوں کے مسودے پر دستخط کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہاکہ امریکا وہی پہلے والا امریکا ہے اس لئے مشترکہ جامع ایکشن پلان پرعمل درآمد کے مراحل میں اس کی نیرنگیوں اور فریب سے ہوشیار رہنا ہوگا -
تہران کے خطیب جمعہ نے اس بات پر زوردیتے ہوئے کہ مشترکہ جامع ایکشن پلان کو امریکا کی مہربانی نہیں کہا جاسکتا، کہا کہ امریکا ہمیشہ ایران کا دشمن رہا ہے اور دشمن پر کبھی بھی بھروسہ نہیں کرنا چاہئے کیونکہ وہ لوگ ہمیشہ ایران کی ترقی و پیشرفت سے ناخوش اور اسلامی جمہوریہ ایران کی ناکامی سے خوش ہوتے ہیں -
تہران کے خطیب جمعہ نے فروری میں ہونےوالے عام انتخابات اور مجلس خبرگان کے انتخابات کی اہمیت کا ذکرکرتے ہوئے کہا کہ اسلامی جمہوری نظام میں رہبر کے عہدے سے لے کر پارلیمنٹ اور مجلس خبرگان میں رکنیت تک، سبھی عہدے سیاسی امانتیں ہیں - تہران کے خطیب جمعہ نے ایران کی سمندری حدود میں سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے جوانوں کے ہاتھوں امریکی میرین فوجیوں کی گرفتاری کے واقعے کا ذکر کرتے ہوئے سپاہ کے جوانوں کوخراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ یہ جارح طاقتوں کے لئے پیغام اور سبق ہے کہ وہ ایران کی حدود میں جارحیت کا خیال اپنے دماغ سے نکال دیں -