امام خمینی (رح) تاریخ ایران کی بے مثال شخصیت : صدر مملکت
-
ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی
اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے کہا ہے کہ حضرت امام خمینی (رح) تاریخ ایران کی ایک بے مثال شخصیت تھے اور آپ کا راستہ اور اصول ہمیشہ راہ گشا رہے گا-
ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی اور ان کی کابینہ نے اتوار کو بانی انقلاب اسلامی کے مزار پر حاضری دی اور آپ کے اہداف و مقاصد کے ساتھ تجدید عہد کیا- صدر مملکت نے عشرہ فجر کی آمد کی مناسبت سے بانی انقلاب اسلامی کے اہداف و مقاصد سے تجدید عہد کے پروگرام میں شرکت کے بعد کہا کہ حضرت امام خمینی (رح) کا ایران میں داخل ہونا اسلامی وطن عزیز کی تاریخ کا یادگار لمحہ تھا-
صدر مملکت نے مزید کہا کہ بڑی طاقتوں اور ظلم و استبداد کے سامنے استقامت و شجاعت، امور پر نظرثانی کی جرات و ہمیت، جنگ و امن کے مواقع پر بہادری اور مسلط کردہ جنگ کے بعد ایران کے نئے حالات کا سامنا کرنے میں امام خمینی (رح) کی دلیری سب کے لئے سبق آموز تھی-
ایران کے صدر نے کہا کہ اس دور میں جب بڑی طاقتیں ایمان اور دین کی طاقت کو اہمیت نہیں دیتی تھیں اور خیال کرتی تھیں کہ دین کا دور ختم ہو چکا ہے، اس وقت آپ نے ان پر دین کی طاقت ثابت کردی اور ایک عظیم تحریک اور انقلاب کو کامیابی سے ہمکنار کیا-
اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے ملک کا نظم و نسق چلانے میں امام خمینی (رح) کے کردار کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ امام خمینی (رح) نے واضح لفظوں میں کہا کہ اسلامی جمہوریہ میں صدر اور پارلیمنٹ کا انتخاب عوام کے ووٹوں سے ہوگا اور تمام امور عوام کے ہاتھ میں ہیں اور نظام کی بنیاد اسلامی احکام و قوانین پر استوار ہے-
ایران کے صدر نے پارلیمنٹ اور مجلس خبرگان کے انتخابات درپیش ہونے کی جانب اشارہ کرتے ہوئے تاکید کے ساتھ کہا کہ ان انتخابات میں عوام کی شرکت کارساز ہوگی- صدر روحانی نے کہا کہ اگر عوام نے دو سال قبل ہونے والے انتخابات میں حصہ نہ لیا ہوتا تو ایٹمی مذاکرات میں کامیابی حاصل نہ ہوتی اور پابندیاں ختم نہ ہوتیں -
اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر اور کابینہ کے اراکین نے عشرہ فجر کی آمد کی مناسبت سے بانی انقلاب اسلامی کے مزار پر حاضری دی اور آپ کے اہداف سے تجدید عہد کیا-