بائیس بھمن کی ریلیوں میں عوام کی بھر پور شرکت کی قدردانی
ایران کے مرجع تقلید آیت اللہ العظمی مکارم شیرازی نے بائیس بہمن مطابق گیارہ فروری کی ریلیوں میں عوام کی بھرپور شرکت کو سراہا ہے۔
ارنا کی رپورٹ کے مطابق آیت اللہ العظمی مکارم شیرازی نے قرآن کریم کے مقابلوں میں حصہ لینے والوں سے قم المقدسہ میں خطاب کے دوران کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کی قوم نے بائیس بہمن مطابق گیارہ فروری کی عظیم ریلیوں میں بھرپور شرکت کر کے صحیح معنوں میں اس دن کا حق ادا کر دیا اور رہبر معظم انقلاب اسلامی کی آواز پر لبیک کہا۔
آیت اللہ مکارم شیرازی نے یمن میں آل سعود کی جانب سے جنگ کی آگ بھڑکائے جانے کو اپنی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ افسوس کہ قرآن کریم کی اشاعت کے سب سے بڑے مراکز والا ملک سعودی عرب قرآن کریم کی تمام آیات کو پامال کر رہا ہے حتی وہ یمن اور شام جیسے مسلمان اور مظلوم ملکوں کے خلاف لشکر کشی کرتا ہے، مسلمان کا قتل عام اور جرائم کا ارتکاب کرتا ہے اور حرمت والے مہینوں کا بھی احترام نہیں کرتا حالانکہ اسلام اور قرآن کریم نے ان مہینوں کے دوران جنگ کو حرام قرار دیا ہے لیکن آل سعود حکومت ان مہینوں کے دوران بھی جنگ بند نہیں کرتی۔
آیت اللہ مکارم شیرازی نے آخر میں اس امید کا اظہار کیا کہ آل سعود کا قلع قمع ہونے کے بعد مسلمانوں کو اس خاندان کے فتنہ و فساد سے نجات مل جائے گی۔