تہران اور ماسکو کے تعلقات انتہائی قریبی اور دوستانہ ہیں: وزارت خارجہ کے ترجمان صادق حسین جابری انصاری
اسلامی جمہوریہ ایران نے تہران اور ماسکو کے تعلقات کو انتہائی قریبی اور دوستانہ قرار دیا ہے -
وزارت خارجہ کے ترجمان صادق حسین جابری انصاری نے پیر کو ہفتہ وار پریس بریفنگ میں کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر کے نام روس کے صدر کا خصوصی پیغام دونوں ملکوں کے گہرے اور قریبی تعلقات کا مظہر ہے -
وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہاکہ روسی وزیردفاع نے اپنے دورہ تہران میں روس کے صدر ولادیمیر پوتن کا خصوصی پیغام صدر ڈاکٹرحسن روحانی کو پیش کیا جو دوطرفہ موضوعات کے علاوہ اہم علاقائی مسائل کو شامل ہے - انہوں نے کہا کہ ایران اور روس کے تعلقات سیاسی لحاظ سے بہت ہی اعلی سطح پر ہیں اور دونوں ممالک کوشش کررہے ہیں کہ اپنے اقتصادی تعلقات کو بھی اعلی سطح پر پہنچائیں -
ترجمان وزارت خارجہ نے کہا کہ تہران میں ایران اور روس کے وزرائے دفاع کے درمیان ہونے والی بات چیت کا ایک اہم موضوع روس کے ایس تھری ہنڈرڈ میزائل کی نئی سیریز ایران کے حوالے کئے جانے کا موضوع تھا - انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ کے تعلق سے ایران اور ترکی مشترکہ تعاون کر رہے ہیں - ان کا کہنا تھا کہ انقرہ میں ہوئے دہشت گردانہ حملے کی ایران نے سخت الفاظ میں مذمت کی اور اعلان کیا کہ دہشت گردی کامسئلہ کسی ایک ملک کا نہیں بلکہ یہ پورے خطے اور پوری دنیا کا مسئلہ ہے-
ترجمان وزارت خارجہ نے کہا کہ دہشت گردی کا مقابلہ کرنے کے لئے سبھی ملکوں کو آپس میں قریبی اور سنجیدہ تعاون کرنا چاہئے اور اس سلسلے میں ایران ترکی کے ساتھ مشترکہ تعاون کر رہا ہے - اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان جابری انصاری نے عمان کے وزیرخارجہ کے دورہ تہران کا مقصد بیان کرتے ہوئے کہا کہ عمان کے وزیرخارجہ کے ہمراہ اس ملک کے کئی اور وزرا تہران آئے تھے اور اس دورے کا مقصد اہم علاقائی اور عالمی مسائل پر بات چیت کرنے کے علاوہ ایران اور عمان کے درمیان اقتصادی اور تجارتی تعلقات کو پہلے سے بھی زیادہ فروغ دینا تھا -
انہوں نے جمعے کو ایران میں ہونےوالے مجلس شورای اسلامی اور مجلس خبرگان کے انتخابات کی اہمیت کا ذکرکرتے ہوئے کہا کہ ایران میں انتخابات اسلامی جمہوریہ ایران کی قومی علامت ہیں انہوں نے کہا کہ ایرانی عوام کو ان ا نتخابات کے لئے اغیار کی طرف سے کسی بھی قسم کی نصیحت اور سفارش کی ضرورت نہیں ہے-
ترجمان وزارت خارجہ نے جمعے کو ہونے والے انتخابات کے بارے میں غیر ملکی ذرائع ابلاغ کی مداخلت کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ انتخابات کے تعلق سے ایران کا موقف پوری طرح واضح اور شفاف ہے - ان کا کہنا تھا کہ ایران کے عوام ان انتخابات میں بھرپور اورپوری ہوشیاری اور بصیرت کے ساتھ شرکت کرکے علاقائی اور عالمی سطح پر ایران کی عزت اور وقار میں مزید اضافہ اور ایران کو دنیا کے سامنے پہلے سے بھی زیادہ مقتدر انداز میں پیش کریں گے –