انتخابات میں وسیع شرکت ایران کی ساکھ میں اضافہ کرنے کے مترادف ہے: ہاشمی رفسنجانی
تشخیص مصلحت نظام کونسل کے سربراہ آیت اللہ ہاشمی رفسنجانی نے مجلس شورائے اسلامی اور مجلس خبرگان رہبری کے انتخابات میں ایرانی عوام کی وسیع پیمانے پر شرکت کو علاقائی اور عالمی سطح پر ایران کی ساکھ کو بڑھانے کے مترادف قرار دیا ہے۔
ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق آیت اللہ ہاشمی رفسنجانی نے آج ووٹنگ شروع ہونے کے بعد حسینیہ جماران تہران میں اپنا ووٹ کاسٹ کیا اور اس کے بعد کہا کہ انتخابات میں ایرانی عوام کی بھرپور شرکت ایران کی ساکھ اور سیکورٹی کو بڑھانے کے مترادف ہے۔ انھوں نے کہا کہ اپنے پسندیدہ امیدوار کو دیا گیا ایرانی عوام کا ہر ووٹ ایران کی تقدیر میں اہم اور موثر ہے۔
ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر ڈاکٹر علی لاریجانی نے بھی آج اپنا ووٹ کاسٹ کرنے کے بعد کہا کہ ایرانیوں کے لیے مسرت کا باعث ہے کہ وہ اپنی سرنوشت اور تقدیر کے بارے میں حساس ہیں اور انتخابات میں بھرپور شرکت کر رہے ہیں اور اس شرکت سے مسائل کو حل کرنے میں ایران کی قدرت و طاقت میں اضافہ ہو گا۔