ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر اور سوئیزرلینڈ کے صدر کے درمیان ملاقات
ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر اور سوئیزرلینڈ کے صدر نے باہمی روابط اور تعاون میں فروغ کی راہوں پر تبادلہ خیال کیا۔
سوئزرلینڈ کے صدر یوہان اشنائیڈر امان نے اتوار کو تہران میں اسپیکر ڈاکٹر علی لاریجانی سے ملاقات کی۔ اس ملاقات میں اسپیکر ڈاکٹر علی لاریجانی نے کہا کہ ایران اور سوئیزرلینڈ کے درمیان سائنس و ٹیکنالوجی سمیت تمام شعبوں میں تعاون کے فروغ کے لئے حالات پوری طرح سازگار ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ہمارے نوجوان سائنسداں سوئیزرلینڈ کے ساتھ مشترکہ پروجیکٹ پر کام کر سکتے ہیں۔
ڈاکٹر علی لاریجانی نے ایران اور سوئیزرلینڈ کے مشترکہ صنعتی پروجیکٹوں کے بارے میں کہا کہ صنعت و ٹیکنالوجی کے شعبے میں دونوں ملکوں کے بہت سے مشترکہ پروجیکٹوں پر کام ہو رہا ہے۔ ڈاکٹر علی لاریجانی نے کہا کہ ایران اور سوئیزرلینڈ صنعتی شعبے میں مشترکہ سرمایہ کاری پر بھی کام کر سکتے ہیں۔ ایران کے اسپیکر نے سوئیزرلینڈ کے صدر کے ساتھ اس ملاقات میں علاقائی اور عالمی امن و سلامتی کی ضرورت پر تاکید کرتے ہوئے کہا کہ ملکوں کو جنگ پسندی اور دشمنانہ طرز عمل سے گریز کرنا چاہئے۔
انھوں نے کہا کہ اب دوسرے ملکوں پر قبضہ کرنے اور تسلط جمانے کا زمانہ ختم ہو گیا ہے۔ اسپیکر ڈاکٹر علی لاریجانی نے کہا کہ تسلط پسندی کی کوششوں اور اس کے لئے دہشت گردوں سے کام لینے کا سلسلہ بند ہونا چاہئے۔
سوئیزرلینڈ کے صدر یوہان اشنائیڈر امان نے بھی اس ملاقات میں ایران اور سوئیزرلینڈ کے مشترکہ سائنسی اور تحقیقاتی پروجیکٹوں کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ ان کے ملک میں سائنس و ٹیکنالوجی کے میدان میں ایک تہائی تحقیقاتی بجٹ حکومت اور دو تہائی پرائیویٹ سیکٹر فراہم کرتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ سوئیزرلینڈ ایران کے ساتھ تمام شعبوں میں مل کر کام کرنے کا خواہشمند ہے۔
یاد رہے کہ سوئیزرلینڈ کے صدر جمعے کی رات ایک اعلی سطحی سیاسی اور اقتصادی وفد کے ہمراہ سرکاری دورے پر تہران پہنچے ہیں۔