ایران عراق تعلقات کی تقویت کی ضرورت پر تاکید
عراقی پارلیمنٹ کے اسپیکر سلیم الجبوری نے بغداد میں تعینات ایران کے سفیر حسن دانائی فر کے ساتھ ملاقات میں ایران اور عراق کے تعلقات میں تقویت کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
ارنا کی رپورٹ کے مطابق بغداد میں تعینات اسلامی جمہوریہ ایران کے سفیر حسن دانائی فر اور عراقی پارلیمنٹ کے اسپیکر سلیم الجبوری نے اس ملاقات میں دونوں ممالک کے مشترکہ مسائل اور دہشت گردی کے خطرے کے مقابلے کے لئے علاقائی ممالک کی حکومتوں کے باہمی تعاون اور ہم آہنگی کے بارے میں تبادلۂ خیال کیا۔
سلیم الجبوری نے اس ملاقات میں خطے میں استحکام کے لئے بین الاقوامی کوششوں کو اہم قرار دیا اور بغداد تہران تعلقات خصوصا پارلیمانی سطح پر ان تعلقات کی تقویت پر زور دیا۔ اسلامی جمہوریہ ایران کے سفیر نے بھی اس ملاقات میں تمام میدانوں میں عراق کے ساتھ ہمہ گیر باہمی تعاون پر ایران کی آمادگی کی خبر دی۔