Mar ۰۷, ۲۰۱۶ ۱۴:۰۴ Asia/Tehran
  • جکارتا میں مختلف ملکوں کے حکام سے وزیرخارجہ کی ملاقاتیں

اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیرخارجہ نے جکارتا میں اسلامی تعاون تنظیم کے ہنگامی اجلاس کے موقع پر مختلف ملکوں کے اعلی حکام سے ملاقاتوں میں اہم دوطرفہ علاقائی اور عالمی مسائل پربات چیت کی -

ایران کے وزیرخارجہ محمد جواد ظریف نے انڈونیشیا کے صدرجوکووبدودو سےملاقات میں انہیں اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹرحسن روحانی کا تحریری پیغام پیش کیا - اس ملاقات میں ایران کے وزیرخارجہ اور انڈونیشیا کے صدر نے باہمی تعلقات اور اہم علاقائی مسائل پر بات چیت کی- انہوں نے اس موقع پر اپنے انڈونیشیائی ہم منصب رتنو مرسودی سے بھی ملاقات میں مختلف شعبوں منجملہ سیاسی اور اقتصادی میدانوں میں ایران اور انڈونیشیا کے تعاون میں توسیع پر زوردیا - ایران اور انڈونیشیا کے وزرائے خارجہ نے خاص طور پر اقتصادی تعلقات کو زیادہ سے زیادہ فروغ دینے پر تاکید کی -

جکارتا میں اپنے قیام کے دوران وزیرخارجہ جواد ظریف نے ترکی کے نائب وزیراعظم نومان کورتولمازسے ملاقات میں باہمی دلچسپی کے معاملات کےعلاوہ علاقائی مسائل پر تبادلہ خیال کیا - اس ملاقات میں ترکی کے وزیراعظم کے حالیہ دورہ ایران کے نتائج بھی زیرغور آئے - ایران کے وزیرخارجہ نے تاجیکستان کے وزیرخارجہ سراج الدین اصل اف سے بھی ملاقات میں دوطرفہ تعلقات میں توسیع اور باہمی دلچسپی کے معاملات پر گفتگو کی -

واضح رہے کہ ایران اور مشرقی ایشیا کے ملکوں کے تعلقات گذشتہ برسوں کے دوران ہمیشہ خوشگوار رہےہیں حتی پابندیوں کے زمانے میں بھی ایران اور مشرقی ایشیا کے ملکوں کے تعلقات کی سطح میں نہ صرف کوئی کمی واقع نہیں ہوئی بلکہ یہ تعلقات روزبروز فروغ پاتے رہے -

ایران اور مشرقی ایشیا کے ملکوں کے روایتی تعلقات خاص طورپر تیل اور گیس کی خرید و فروخت کی وجہ سے ہمیشہ اچھے رہے ہیں البتہ پابندیوں کی وجہ سے تیل و گیس کی خریدوفرخت میں کمی آگئی تھی لیکن اس کے باوجود ان ملکوں کے حکام کے رویّوں اور بیانات سے یہ ثابت ہوتارہا کہ وہ ایران کے ساتھ انرجی کے میدان میں اپنے تعلقات کو پہلے والی ہی سطح پر جلد سے جلد لانا چاہتےہیں -

اس وقت ہندوستان نے باضابطہ طور پر ایران سے پہلےکی ہی طرح تیل کی دوبارہ خریداری کا اقدام شروع کردیاہے جبکہ چین اور جنوبی کوریانے بھی ایران سے تیل کی خریداری میں اضافہ کردیا ہے اور اب ملائیشیا اور انڈونیشیا بھی پوری سنجیدگی کے ساتھ ایران سے تیل کی خریداری کے لئے پروگرام ترتیب دینے میں لگے ہوئے ہیں - انڈونیشیا نے تو پابندیوں کے زمانے میں بھی ایران کے ساتھ تعاون کیا تھا اور اب جبکہ پابندیوں کا خاتمہ ہوچکا ہے یقینی طور پر انڈونیشیا، ایران کے ساتھ تعاون میں توسیع پر سنجیدگی کے ساتھ کام کرے گا -

ٹیگس