ایران کے وزیر خارجہ کی برونئی کے وزیر خارجہ سے ملاقات
ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے بندر سری بگاوان میں برونئی کے وزیر خارجہ بالم جوک سنگھ سے ملاقات اور گفتگو کی ہے۔
بدھ کے روز ہونے والی اس ملاقات میں ایران اور برونئی کے وزرائے خارجہ نے تہران اور بندر سری بگاوان کے درمیان سیاسی، اقتصادی اور تجارتی تعلقات کے فروغ کے بارے میں تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔
وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے اس موقع پر کہا کہ ایران اور پانچ جمع ایک گروپ کے درمیان جامع ایٹمی معاہدے کے بعد ایران اور برونئی کےدرمیان تمام شعبوں میں تعلقات کے فروغ کے امکانات روشن ہو گئے ہیں۔ انہوں نے کہا ایران سائنس و ٹیکنالوجی کے شعبے میں اپنے تجربات برونئی کو منتقل کرنے کے لیے تیار ہے۔
برونئی کے وزیر خارجہ بالم جوک سنگھ نے اس موقع پر کہا کہ ان کا ملک ایران کے ساتھ اقتصادی اور تجارتی تعلقات کے فروغ میں دلچسپی رکھتا ہے۔ انہوں نے سائنس و ٹیکنالوجی کے شعبے میں ایران کی ترقی و پیشرفت پر بھی خوشی کا اظہار کیا۔
واضح رہے کہ ایران کے وزیر خارجہ بدھ کی صبح سنگاپور کا دورہ مکمل کرنے کے بعد برونئی کے دارالحکومت بندر سری بگاوان پہنچے تھے۔
ایران کے وزیر خارجہ نے برونئی کے سلطان، ولی عہد اور وزیر صعنت و تجارت سے بھی ملاقات اور گفتگو کی ہے۔