مشترکہ جامع ایکشن پلان پر صحیح طریقے سے عمل درآمد ہو رہا ہے: فیڈریکا موگرینی
یورپی یونین کے شعبہ خارجہ پالیسی کی سربراہ فیڈریکا موگرینی نے کہا ہے ایران اور پانچ جمع ایک گروپ کے درمیان ہونے والے ایٹمی معاہدے پر صحیح طریقے سے عمل درآمد ہو رہا ہے -
فیڈریکا موگرینی نے یورپی یونین کے وزرائے خارجہ کے اجلاس کے بعد کہاکہ آئی اے ای اے نے اپنی تازہ ترین رپورٹ میں باضابطہ طور پراس بات کی تصدیق کی ہے کہ ایران نے اپنے سبھی وعدوں پر عمل کیا ہے -
انہوں نے ایران کے حالیہ انتخابات کا بھی ذکرکرتے ہوئے کہاکہ ان انتخابات کا نتیجہ اس بات کو بخوبی ظاہر کرتاہے کہ ایران کے عوام صدر روحانی کے اقتصادی اصلاحات کے پروگرام پر اعتماد کرتے ہیں -
یورپی یونین کے شعبہ خارجہ پالیسی کی سربراہ فیڈریکا موگرینی نے کہا کہ وہ آئندہ سولہ اپریل کو ایران کا دورہ کریں گی -
ان کا کہنا تھا کہ ان کےساتھ اس دورے میں یورپی یونین کے مختلف اداروں منجملہ محکمہ موسمیات ، انرجی ، ماحولیات ، انسانی وسائل، تعلیمی امور اور ٹرانسپورٹ کے شعبوں کے کمیشن کے سربراہان بھی شامل ہوں گے –
فیڈریکا موگرینی نےکہاکہ دورہ تہران میں ایرانی حکام کے ساتھ تجارت ، سرمایہ کاری ، انرجی کے مختلف شعبوں اور پرامن ایٹمی شعبے میں تعاون پر بھی بات چیت ہوگی - فیڈریکا موگرینی نے کہا کہ ایرانی حکام کے ساتھ ملاقاتوں میں پناہ گزینوں کے مسائل ، انسداد منشیات ، سائنسی تحقیقات اور ساتھ ہی علاقائی مسائل پر خاص طور سے تبادلہ خیال ہوگا -