Mar ۲۴, ۲۰۲۶ ۲۰:۱۸ Asia/Tehran
  • پاکستان کا علاقائی امن کے لیے سفارت کاری پر زور، ایران اور امریکہ کے درمیان مذاکرات کی میزبانی کے لیے تیار

پاکستان کے دفتر خارجہ کے ترجمان نے علاقائی امن و استحکام کے فروغ کے لیے سفارت کاری اور باہمی رابطوں کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر ایران اور امریکہ چاہیں تو اسلام آباد دونوں ملکوں کے درمیان مذاکرات کی میزبانی کے لیے ہمہ وقت تیار ہے۔

سحرنیوز/پاکستان: منگل کو  پاکستانی دفتر خارجہ کے ترجمان کے یہ بیانات ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب وائٹ ہاؤس نے پاکستان کے آرمی چیف اور امریکی صدر کے درمیان خطے کی تازہ ترین صورتحال پر ہونے والی ٹیلی فونک گفتگو کی تصدیق کی ہے۔
برطانوی اخبار گارڈین نے پیر کے روز رپورٹ کیا کہ وائٹ ہاؤس کے ترجمان نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور پاکستان کی مسلح افواج کے سربراہ، اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان گزشتہ اتوار کو ہونے والی ٹیلی فونک گفتگو کی تصدیق کی ہے، جس میں خطے میں جاری جنگ پر تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔
اسی دوران، پاکستانی دفتر خارجہ کے ترجمان طاہر اندرابی نے صحافیوں کے سوالات کے جواب میں، ایران اور امریکہ کے درمیان کشیدگی میں کمی لانے میں پاکستان کے کردار کے بارے میں کہا: اگر فریقین چاہیں تو اسلام آباد ہمیشہ مذاکرات کی میزبانی کے لیے تیار ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ خطے میں امن اور استحکام کو فروغ دینے کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری کی حمایت کی ہے۔
رپورٹ کے مطابق، گزشتہ روز پاکستانی وزیراعظم شہباز شریف اور ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا تھا۔ اس کے کچھ گھنٹوں بعد دونوں ملکوں کے وزرائے خارجہ نے بھی ٹیلی فونک گفتگو کی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے یقین دلایا کہ پاکستان ایران کو یقین دلاتا ہے کہ وہ خطے میں کشیدگی کو کم کرنے میں مدد کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔
پاکستانی دفتر خارجہ کے ترجمان نے مشرق وسطیٰ میں جاری تنازعے کو حل کرنے کے لیے سفارتی ذرائع کے استعمال کے بارے میں ملک کے عزم کا اعادہ کیا اور میڈیا سے پرزور اپیل کی کہ وہ غیر ضروری قیاس آرائیوں سے گریز کریں۔
انہوں نے کہا: اسلام آباد اپنی دیرینہ پالیسی کے مطابق، مشرق وسطیٰ خلیج فارس میں جاری تنازعے کو سفارتی ذرائع اور رابطوں کے ذریعے حل کرنے کے لیے پرعزم ہے۔
انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا: سفارت کاری اور مذاکرات کے لیے اکثر یہ ضروری ہوتا ہے کہ کچھ معاملات کو احتیاط کے ساتھ آگے بڑھایا جائے۔ لہذا، ہم میڈیا سے گزارش کرتے ہیں کہ وہ اپنی قیاس آرائیوں سے باز رہیں اور فیصلوں اور نتائج کے بارے میں باضابطہ اعلانات کا انتظار کریں۔

ہمیں فالو کریں:  

Follow us: FacebookXinstagram, tiktok  whatsapp channel

 

ٹیگس