دشمنوں کے مقابلے میں عوام کی با بصیرت تاریخی موجودگی کی قدردانی
نائب صدر ڈاکٹر محمد رضا عارف نے دشمن کے مقابلے میں ایران کے عوام کی بصیرت کے ساتھ میدان میں موجودگی کی قدردانی کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کے عوام، حکومت اور حکام استقامت اور پیشرفت کے راستے پر گامزن رہیں گے
سحرنیوز/ایران: نائب صدر ڈاکٹر محمد رضا عارف نے دشمنوں کی پسپائی میں میدان میں عوام کی متحدہ، بابصیرت اور تاریخی موجودگی کے کردارکا ذکر کرتے ہوئے یاد دہانی کرائی ہے کہ دشمن نے اس وقت حکام اورعوام کا باہمی اعتماد کمزور کرنے اور ان کے درمیان اختلاف ڈالنے کے لئے نفسیاتی جنگ بھی شروع کررکھی ہے لیکن حکومت اور حکام عوام کے قدم سے قدم ملاکر، استقامت اور پیشرفت کے راستے پر گامزن رہیں گے۔
ایران کے نائب صدرڈاکٹر محمد رضا عارف نے اس سلسلے میں ایک بیان جاری کرکے کہا ہے کہ اس ملی اور اسلامی دفاع کے حساس دنوں میں شہروں کی سڑکوں اور چوراہوں پر عوام کی دلیرانہ موجودگی،ایرانی قوم کی ملی وحدت و یک جہتی کی تجلی ہے۔
انھوں نے کہا ہے کہ عوام کی اس پرشکوہ موجودگی نے نہ صرف یہ کہ دشمن کے سبھی گھناؤنے منصوبوں کو ناکام بنادیا بلکہ امور مملکت چلانے میں اپنے خادمین کی پشت پناہی اور حوصلوں کی بلندی کے اسباب بھی فراہم کردیئے ہیں۔
نائب صدر ڈاکٹر محمد رضا عارف نےعوام کو مخاطب کرکے اپنے پیغام میں لکھا ہے کہ ملک کی غیور مسلح افواج کے مجاہدین کے ایمان اور طاقت و توانائی کے ساتھ ہی آپ کی یہ مثالی وحدت ویک جہتی بھی دشمن کے اپنی بعض دھمکیوں سے پیچھے ہٹنے کا سبب بنی ہے۔ البتہ تجربہ بتاتا ہے کہ ہمیں دشمن کی روش کی اس تبدیلی پر اعتماد نہیں کرنا چاہئے بلکہ پوری ہوشیاری کے ساتھ اپنی آمادگی اور چوکسی کو باقی رکھنا ضروری ہے۔
انھوں نے لکھا ہے کہ ایران کے حکام بھی ملت ایران کی امنگوں کے دفاع میں پہلے سے زیادہ اتحادویک جہتی اور استحکام کے ساتھ،، رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ سید مجتبی خامنہ ای کی حکیمانہ قیادت میں پائیداری کے ساتھ ڈٹے ہوئے ہیں اور ضروری فیصلوں نیز امورمملکت میں کسی بھی طرح کا خلل نہیں آنے دیا جائے گا۔
نائب صدر ڈاکٹر محمد رضا عارف نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ آج دشمن عوام اور نظام ملکت کے اس محکم رشتے کو سمجھنے سے قاصرہے جو ان حساس ایام کی راتوں میں سڑکوں اور چوراہوں پر آپ کی پرشکوہ موجودگی میں متجلی ہے۔
نائب صدرڈاکٹر محمد رضا عارف نے کہا ہے کہ میں اسلامی جمہوریہ ایران کی حکومت کی جانب سے آپ کی اس تاریخی اور ذمہ دارانہ موجود گی کی دل کی گہرائیوں سے قدر کرتا ہوں اور یقین دلاتا ہوں کہ حکومت اس عظیم اجتماعی سرمائے کے بھروسے، اپنے عوام کے قدم سے قدم ملاکرایران کی مکمل فتح و کامیابی تک پوری قوت سے استقامت کے اس راستے پر گامزن رہے گی۔
ہمیں فالو کریں:
Follow us: Facebook, X, instagram, tiktok whatsapp channel