صدر مملکت کا 9 ممالک کے سربراہان کے نام جشن بہاراں کا پیغام
اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر حسن روحانی نے جشن بہاراں کے موقع پر نو ملکوں کے سربراہوں کے نام اپنے الگ الگ پیغامات میں مبارکباد پیش کی ہے۔
ہمارے نامہ نگار کی رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر حسن روحانی نے جشن بہاراں کے موقع پرنو ممالک افغانستان، تاجیکستان، پاکستان، آذربائیجان، ترکمنستان، آرمینیا، ترکی، قزاقستان اور ازبکستان کے سربراہوں کے نام اپنے الگ الگ پیغامات میں مبارکباد پیش کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوروز کا پیغام امن و دوستی کا پیغام ہے اور یہ موقع باہمی الفت اور یکجہتی کے لئے ایک بہترین موقع ہے-
ایران کے صدر نے اپنے الگ الگ پیغامات میں کہا ہے کہ جشن بہاراں، جشن اعتدال، ہم سب کی مشترکہ اور تاریخی جشن ہےجو بہارکی آمد، محبت و شوق و نشاط کی مظہر ہے۔
صدر حسن روحانی نے اپنے پیغامات میں افغانستان، تاجیکستان، پاکستان، آذربائیجان، ترکمنستان، آرمینیا، ترکی، قزاقستان اور ازبکستان کی خوشحالی، ترقی و پیشرفت کے لئے دعا کی۔