ایران کے صدر کا آئندہ دورہ آسٹریا
Mar ۲۸, ۲۰۱۶ ۰۸:۳۷ Asia/Tehran
اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی، آسٹریا کے صدر ہینس فیشر کی دعوت پر آئندہ بدھ کو آسٹریا کا دورہ کریں گے۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی ایک اعلی سطحی سیاسی و اقتصادی وفد کے ہمراہ تیس مارچ کو ویانا کا دورہ کریں گے۔ ایران کے صدر کے دورہ ویانا میں ایران اور آسٹریا کے درمیان اقتصادی تعاون کے روڈ میپ کی دستاویزات کو آخری شکل دی جائے گی جبکہ مختلف شعبوں میں تعاون کی مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط بھی کئے جائیں گے۔
صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی اپنے دورہ آسٹریا میں اس ملک کے چانسلر اور صدر سے ملاقات کے علاوہ اقتصادی ماہرین اور دونوں ملکوں کے نجی شعبوں کے نمائندوں کے اجتماع سے خطاب بھی کریں گے۔