سائبر اسپیس پر خصوصی توجہ دینے پر صدر مملکت کی تاکید
اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے سائبر اسپیس کی اہمیت اور اس پر توجہ دینے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے ہفتے کے روز نئے ہجری شمسی سال میں ایران کی سائبر اسپیس کی اعلی کونسل کے پہلے اجلاس میں سائبر اسپیس کی اہمیت اور اس پر توجہ دینے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ دو ہزار سولہ اور دو ہزار سترہ میں ایران میں سائبر اسپیس کے میدان میں زیادہ موثر اور مناسب قدم اٹھائے جائیں گے۔
اس اجلاس میں اعلی انفارمیٹک کونسل، اعلی اطلاع رسانی کونسل اور اسلامی جمہوریہ ایران کی اطلاعات کے تبادلے کی اسپیس کی سیکورٹی کی اعلی کونسل کو تحلیل کر کے قومی سطح پر ان کی ہم آہنگی، نگرانی، پالیسی سازی اور اسٹریٹجک ذمہ داریاں ایران کی سائبر اسپیس کی اعلی کونسل کو منتقل کر دی گئیں اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کی اعلی کونسل کا نام تبدیل کر کے انفارمیشن ٹیکنالوجی کی انتظامی کونسل رکھ دیا گیا جو ایران کی سائبر اسپیس کی اعلی کونسل کے فیصلوں اور اسلامی جمہوری نظام کی مجموعی پالیسیوں کے تناظر میں کام کرے گی۔