ایران، روس اور جمہوریہ آذربائیجان کے درمیان دو طرفہ، سہ جانبہ اور علاقائی تعاون کے فروغ پر تاکید
اسلامی جمہوریہ ایران، روس اور جمہوریہ آذربائیجان کے وزرائے خارجہ نے دو طرفہ، سہ جانبہ اور علاقائی سطح پر تعاون میں فروغ کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف، روس کے وزیر خارجہ سرگئی لاوروف اور جمہوریہ آذربائیجان کے وزیر خارجہ المار محمد باراف نے جمعرات کو باکو میں سہ فریقی اجلاس تشکیل دیا۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ نے اس اجلاس میں جمہوریہ آذربائیجان اور آرمینیا کے درمیان فائربندی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے اس امید کا اظہا کیا کہ دونوں ملکوں کا تنازعہ بات چیت کے ذریعے حل ہو جائے گا۔
انہوں نے تہران ماسکو اور باکو کے درمیان ریلوے، ٹرانسپورٹ، مواصلات بینکنگ اور انسداد دہشتگردی کے میدان میں تعاون کو اہمیت کا حامل قرار دیا۔
جمہوریہ آذربائیجان کے وزیر خارجہ المار محمد باراف اور روس کے وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے بھی آرمینیا اور جمہوریہ آذربائیجان کے درمیان تنازعے اور فائربندی کے بارے میں اپنے اپنے ملکوں کا موقف بیان کرتے ہوئے انسد اد دہشت گردی، شمال و جنوب کے درمیان کوریڈور کے قیام، سیاحت اور ٹرانسپورٹ کے شعبوں کو ایران روس اور جمہوریہ آذربائیجان کے درمیان تعاون کے لئے اہم میدانوں سے تعبیر کیا اور کہا کہ تینوں ممالک مختلف شعبوں میں تعاون کو زیادہ سے زیادہ فروغ دینے کے لئے تیار ہیں۔