Apr ۰۹, ۲۰۱۶ ۰۷:۵۵ Asia/Tehran
  • فرزند رسول حضرت امام باقر علیہ السلام کی ولادت باسعادت مبارک ہو

فرزند رسول حضرت امام محمد باقر علیہ السلام کے یوم ولادت باسعادت کی مناسبت سے پورے ایران میں جشن منایا جا رہا ہے -

موصولہ رپورٹوں کے مطابق مسلمانوں کے پانچویں امام فرزند رسول حضرت امام محمد باقر علیہ السلام کی ولادت با سعادت کی مناسب سے پورے ایران میں جشن کا سماں ہے اور مذہبی و ثقافتی مقامات پر محفل میلاد کا انعقاد کیا گیا ہے-

 

اس مناسبت سے مشہد مقدس اور قم سمیت ایران کے مختلف شہروں اور دیہاتوں کی مسجدوں اور امامبارگاہوں میں محفل میلاد کا سلسلہ گذشتہ رات سے ہی جاری ہے- امام باقر علیہ السلام کے یوم ولادت باسعادت کی مناسبت سے سب سے بڑی تقریب مشہد مقدس میں فرزند رسول آٹھویں امام حضرت امام علی ابن موسی الرضا علیہ السلام کے حرم اور قم میں حضرت فاطمہ معصومہ کے حرم میں منعقد ہوئی- جس میں علماء و ذاکرین نے خطاب کیا اور شعراء نے بارگاہ اہلبیت میں نذرانہ عقیدت پیش کیا- اس موقع پر اہلبیت اطہار علیھم السلام کے چاہنے والوں نے بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیا اور مومنین کے درمیان ، چائے ، مٹھائی اور شربت تقسیم کئے-

 

مسلمانوں کے پانچویں امام فرزند رسول حضرت امام محمد باقر(ع) پہلی رجب ستاون ہجری قمری میں مدینہ منورہ میں پیدا ہوئے -

رسول اسلام حضرت محمد مصطفی (ص) نے آپ کی پیدائش سے قبل ہی اپنے ایک خاص صحابی جناب جابر ابن عبداللہ انصاری کو آپ کی ولادت باسعادت کی خبر دیتے ہوئے آپ کو باقر کا لقب دیا تھا - امام محمد باقر علیہ السلام اپنے دور کی عظیم الشان علمی شخصیت اور ہر لحاظ سے رسول اسلام (ص) کے جانشین و وارث تھے - جب بھی ہاشمیوں کے علم و تقوی اور شجاعت و سخاوت کا ذکر ہوتا ، لوگ آپ کا نام لیتے تھے- شخصیت میں کشش ، عفو و درگذر، بے پناہ علم و تقوی آپ کی اہم خصوصیات ہیں - اسلامی جمہوریہ ایران کے ریڈیو و ٹیلی ویژن کا ادارہ آئی آر آئی بی اپنے تمام ناظرین ، سامعین اور قارئین کو فرزند رسول حضرت امام محمد باقر علیہ السلام کی ولادت باسعادت کی مبارک باد پیش کرتا ہے-

 

 

 

 

ٹیگس