Apr ۱۱, ۲۰۱۶ ۰۸:۱۶ Asia/Tehran
  • ایران میں فرزند رسول حضرت امام علی النقی (ع) کا سوگ

آج اسلامی جمہوریہ ایران میں فرزند رسول حضرت امام علی النقی ‏(ع) کا سوگ منایا جا رہا ہے-

مسلمانوں کے دسویں امام فرزند رسول حضرت امام علی النقی علیہ السلام کے یوم شہادت کی مناسبت سے دنیا کے دوسرے علاقوں کی مانند اسلامی جمہوریہ ایران میں بھی سوگ منایا جا رہا ہے-

 

ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق ایران کے مختلف شہروں اور دیہاتوں میں محبان اہلبیت، مسجدوں اور امام بارگاہوں میں مجالس عزا برپا  کر کے فرزند رسول حضرت امام علی النقی علیہ السلام کی شہادت کا سوگ منا رہے ہیں -

 

حضرت امام علی النقی (ع) کے یوم شہادت کی مناسبت سے مشہد مقدس میں فرزند رسول حضرت امام علی ابن موسی الرضا علیہ السلام اور شہر قم میں آپ کی بہن حضرت فاطمہ معصومہ سلام اللہ علیھا کے حرم مطھر میں بڑے پیمانے پر خصوصی پروگراموں کا انعقاد کیا گیا ہے جبکہ دوسرے مذہبی و ثقافتی مقامات پر بھی مجالس عزا اور سینہ زنی کا سلسلہ جاری ہے - مجالس میں علماء و خطباء امام عالی مقام کی حیات طیبہ کے مختلف پہلؤوں پر روشنی ڈال رہے ہیں اور ماتمی دستے سینہ زنی کر رہے ہیں -

حضرت امام علی النقی علیہ السلام  تیرہ سو سینتیس ہجری قمری کو مدینہ منورہ میں پیدا ہوئے اور اپنے والد ماجد حضرت امام محمد تقی الجواد علیہ السلام کے بعد مسلمانوں کی ہدایت و رہبری کی ذمہ داری سنبھالی-

 

آپ کا ایک مشھور لقب ہادی یعنی ہدایت کرنے والا ہے- امام علی النقی علیہ السلام نے دنیا کے سامنے اسلام کی حقیقی تصویر پیش کرنے کے لئے بے انتہاد جد و جہد کی- آپ علیہ السلام، عوام کو حقیقی اسلام سے متعارف کرانے کے لئے مختلف مذہبی، علمی اور ثقافتی نشستیں منعقد کرتے اور ان میں مذہبی، نظریاتی اور سماجی مسائل کے بارے میں بحث و گفتگو کرتے اور تشنگان علم و معرفت کے سوالوں کے جوابات دیتے-

 

ایک طرف مومنین کے دلوں میں فرزند رسول امام عالی مقام (ع) کی بے پناہ محبت موجزن تھی تو دوسری جانب ظالم و جابر عباسی حکمرانوں کا کینہ و حسد تھا جس نے امام کو چین سے رہنے نہیں دیا- چنانچہ ظالم عباسی حکمراں معتمد عباسی نے ایک سازش کے تحت آپ کو شہید کر دیا-

 

اسلامی جمہوریہ ایران کا ریڈیو ٹیلی ویژن کا ادارہ آئی آر آئی بی تمام مسلمانوں کو فرزند رسول حضرت امام علی النقی علیہ السلام کے یوم شہادت کی تعزیت پیش کرتا ہے-

 

 

ٹیگس