Apr ۲۲, ۲۰۱۶ ۱۶:۳۳ Asia/Tehran
  • ایران اور گروپ پانچ جمع ایک کے مشترکہ کمیشن کا اجلاس

ایٹمی معاہدے کے بعد ایران اورگروپ پانچ جمع ایک کے بننے والے مشترکہ کمیشن کا اجلاس ویانا میں ہو رہا ہے۔

ایران اور گروپ پانچ جمع ایک کے مشترکہ کمیشن کے اجلاس میں ایران کی جانب سے سینیئر مذاکرات کار سید عباس عراقچی اور پانچ جمع ایک گروپ کی جانب سے یورپی یونین کے شعبہ خارجہ پالیسی کی ڈپٹی انچارج ہیلگا اشمید مذاکراتی ٹیم کی قیادت کر رہی ہیں-

اجلاس شروع ہونے سے قبل ایران کے وفد کے سربراہ عباس عراقچی اور ہیلگا اشمید نے اجلاس کے ایجنڈے کو ہم آہنگ بنانے کے لئے ملاقات کی-

ایران کے سینیئر مذاکرات کار اور نائب وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے اجلاس سے قبل ارنا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس کمیشن کی ذمہ داری، ایٹمی معاہدے پر عمل درآمد کی نگرانی اور اس راہ میں ممکنہ طور پر پیش آنے والی مشکلات کو حل کرنا ہے- انہوں نے کہا کہ کمیشن کی ذمہ داریوں میں ایٹمی معاہدے پر عمل درآمد کے معاملات کا جائزہ لینا اور ان کو کنٹرول کرنا بھی شامل ہے تاکہ سارے امور صحیح طریقے سے اور بروقت انجام پا سکیں-

ان کا کہنا تھا کہ جمعے سے ویانا میں ہونے والے اجلاس میں اراک ہیوی واٹر پلانٹ کی دوباہ ڈیزائننگ، جامع مشترکہ ایکشن پلان کی بنیاد پر ایٹمی تعاون، پابندیوں کے خاتمے اور اس راستے میں پائی جانے والی رکاوٹوں اور مشکلات پر بات چیت ہو گی-

اس سے پہلے اس مشترکہ کمیشن کا اجلاس دوبار ویانا میں ہو چکا ہے-

ٹیگس