Apr ۲۴, ۲۰۱۶ ۱۷:۲۹ Asia/Tehran
  • ایران: سپاہ پاسداران کی بحری یونٹ کے سربراہ کا بیان

سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کی بحری یونٹ کے سربراہ علی فدوی نے کہا ہے کہ امریکا ایران پر حملہ کرنے کی ہمت نہیں کر سکتا۔

ایران کے وسطی شہر یزد میں شہدا کی یاد میں منعقدہ ایک سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے سپاہ پاسداران کی بحری یونٹ کے کمانڈر علی فدوی نے کہا کہ اگرچہ اس وقت خلیج فارس میں امریکا کے پچاس بحری جہاز موجود ہیں لیکن ہم ذرہ برابر بھی امریکا کی طاقت کو خاطر میں نہیں لاتے- انہوں نے کہا کہ گذشتہ سینتیس برسوں سے ہم اللہ کے اس وعدے کے عملی ہونے کا مشاہدہ کر رہے ہیں کہ حق ہمیشہ باطل پر کامیاب رہے گا-

انہوں نے چھتیس برس قبل چوبیس اپریل کو صوبہ یزد کے صحرائے طبس میں امریکا کی فوجی شکست کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ امریکا نے اس حملے کے لئے مہینوں مشقیں انجام دیں اور منصوبہ بندی کی تھی اور امریکی فوج کے خصوصی دستوں کے مشاق کمانڈوز نے اس کارروائی میں حصہ لیا تھا لیکن خداوند عالم نے کسی انسانی قوت کے دخل کے بغیر انہیں ذلت آمیز شکست سے دوچار کیا- انہوں نے کہا کہ ایران کے خلاف امریکا کی دشمنی اسلامی انقلاب کی کامیابی کے بعد ہی شروع ہو گئی اور اس دشمنی کی وجہ یہ ہے کہ حق اور باطل کبھی بھی ایک ساتھ نہیں چل سکتے-

سپاہ پاسداران کی بحری یونٹ کے سربراہ نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ امریکا اور اس کے اتحادیوں کی ایران سے دشمنی روز بروز بڑھتی جائے گی، کہا کہ اللہ کا وعدہ یہ ہے کہ حق ہی باطل پر کامیاب ہو گا لیکن اہم بات یہ ہےکہ ہمیں اس وعدہ الہی پرکتنا بھروسہ اور اس پر کتنا ایمان اور یقین ہے-

ٹیگس