امریکہ کے علاوہ کسی بھی ملک کے ساتھ بینکنگ کا کوئی مسئلہ نہیں، ایرانی سینٹرل بینک کے سربراہ
ایران کے سینٹرل بینک کے سربراہ نے کہا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران کو امریکہ کے علاوہ دنیا کے کسی بھی ملک کے ساتھ بینکنگ کے معاملات کی انجام دہی میں کسی رکاوٹ کا سامنا نہیں ہے۔
ایران کے سینٹرل بینک کے سربراہ ولی اللہ سیف نے اتوار کی شام تہران میں جنوبی افریقہ کے وزیر خزانہ سے ملاقات میں کہا کہ ایران اور گروپ پانچ جمع ایک کے درمیان ہونے والے معاہدے میں ایران کے ایٹمی پروگرام سے متعلق پابندیاں ختم ہو گئی ہیں- انہوں نے کہا کہ کچھ پابندیاں باقی رہ گئی ہیں جن کا ایٹمی مذاکرات سے کوئی ربط نہیں ہے-
ایران کے مرکزی بینک کے سربراہ نے کہا کہ پابندیوں کے دور میں ایران اور جنوبی افریقہ کے تعلقات میں کچھ وقفہ پیدا ہو گیا تھا جسے پابندیوں کے خاتمے کے بعد اب ختم کرنے کی کوشش کی جانی چاہئے- انہوں نے ایران اور امریکہ کے درمیان ہوئے تازہ مذاکرات کے بارے میں بھی کہا کہ ان مذاکرات کے نتیجے میں امریکی وزیر خارجہ نے یورپی بینکوں سے کہا ہے کہ وہ ایرانی بینکوں کے ساتھ تعاون کریں-
جنوبی افریقہ کے وزیر خزانہ براوین گوردھان نے بھی ایران اور جنوبی افریقہ کے درمیان مناسب بینکنگ نیٹ ورک قائم کرنے پر رضامندی ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ جنوبی افریقہ میں بینکاری کے نام سے ایک تنظیم قائم ہے جو سبھی بینکوں کی نمائندہ تنظیم ہے- انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت کی کوشش ہے کہ یہ تنظیم ایران کے ساتھ براہ راست رابطہ برقرار کرے-