ایران پناہ گزینوں کا بہترین میزبان
ایران کی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ تمام تر دشواریوں، سختیوں اور مغرب کی عائد کردہ پابندیوں کے باوجود، ایران پچھلے چار عشروں سے، تین سے پانچ ملین غیر ملکی پناہ گزینوں کی بہترین طریقے سے دیکھ بھال اور میزبانی کر رہا ہے۔
پناہ گزینوں کے امور میں ایران کی وزارت خارجہ کے انچارج احمد محمدی فر نے منگل کی شام، جنوبی ایران میں پناہ گزینوں کے امور سے متعلق غیر ملکی سفارتی نمائندوں کے ساتھ ایک ملاقات میں کہا کہ صوبہ کرمان کو پناہ گزینوں کی میزبانی کے حوالے سے خاص مقام حاصل ہے اور اس وقت تقریبا تین ملین افغان مہاجرین اس صوبے میں آباد ہیں۔
انہوں نے کہا کہ افغان مہاجرین کے چار لاکھ بچے اور بچیاں، ایران کے مختلف اسکولوں میں زیر تعلیم ہیں جبکہ چوبیس ہزار افغان طلبہ یونیورسٹیوں میں تعلیم حاصل کر رہے ہیں اور یا تعلیم مکمل کر چکے ہیں۔
پناہ گزینوں کے امور میں اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر کے خصوصی نمائندے، سوانکا دہنا پالا نے اس موقع پر کہا کہ اس دورے سے انہیں پناہ گزینوں کی مدد اور انہیں صحت، تعلیم اور روزگار کی فراہمی کے حوالے سے ایران کی کوششوں کا قریب سے مشاہد ہ کرنے کا موقع ملا ہے۔
صوبہ کرمان کے گورنر علی رضا رزم حسینی نے اس موقع پر کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران، پناہ گزینوں کے بارے میں مختلف ملکوں خاص طور پر یورپ اور امریکہ کے سخت گیر قوانین سے پوری طرح واقف ہے اور اسے معلوم ہے کہ ان کے ساتھ کیا سلوک کیا جا رہا ہے، لیکن ایران انسانیت، مذہب اور ہمسائیگی کے اصولوں کے مطابق لاکھوں پناہ گزینوں کو اچھی سے اچھی خدمات پیش کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ اقوام متحدہ کے ادارہ پناہ گزیناں کی جانب سے دنیا کے گیارہ ملکوں کے سفارت کاروں اور متعدد عالمی تنظیموں کے نمائندوں پر مشتمل ایک وفد، ایران میں غیر ملکی پناہ گزینوں کو فراہم کی جانے والی خدمات اور سہولتوں کا جائزہ لینے کے لئے صوبہ کرمان کا دورہ کر رہا ہے۔
دوسری جانب ایران میں متعین سویڈن کے سفیر اور گیارہ ملکوں کے سفارتی وفد کے سربراہ پیٹر ٹیلر نے کرمان کے گورنر کے ساتھ ملاقات میں کہا ہے کہ غیر ملکی پناہ گزینوں کے لئے ایران کی فراہم کردہ خدمات اور سہولتیں بہترین ہیں اور ان سے انکار نہیں کیا جاسکتا۔
پناہ گزینوں کے امور میں اقوام متحدہ کے ڈپٹی ہائی کمشنر جارج اوکٹ اوبو نے بھی تہران میں اقوام متحدہ کے نمائندہ دفتر میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ افغان مہاجرین کے حوالے سے ایران کے اقدامات سے واقف ہیں اور اس کی حمایت کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران نے، جو سہولتیں افغان مہاجرین کے لئے فراہم کی ہیں وہ قابل قدر ہیں اور ان کا ادارہ، پناہ گزینوں کی تیس سال سے جاری خدمت پر ایران کی حکومت اور عوام کا شکر گزار ہے۔