جامع مشترکہ ایکشن پلان پر عملدرآمد پر لاریجانی کی تاکید
ایران کی پارلیمنٹ مجلس شورائے اسلامی کے اسپیکر ڈاکٹرعلی لاریجانی نےجامع مشترکہ ایکشن پلان پر عمل درآمد کی ضرورت پر زوردیاہے-
مجلس شورائے اسلامی یا پارلیمنٹ کے اسپیکر ڈاکٹر علی لاریجانی نے ایک سیمینار سے خطاب کے دوران جامع مشترکہ ایکشن پلان کے بارے میں رہبرانقلاب اسلامی کے تازہ ترین بیانات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہاکہ مغرب والے قابل اعتماد نہیں ہیں -اور اگرانہوں نے اپنے وعدوں پرعمل نہیں کیا تو اسلامی جمہوریہ ایران اپنے حربوں کےذریعے انہیں جامع مشترکہ ایکشن پلان پر عمل کرنے پر مجبورکرے گا -
ڈاکٹرعلی لاریجانی کا کہنا تھا کہ ایٹمی معاملے میں ایران نے دانشمندانہ رویّہ اختیار کیا ہے کیونکہ اس نے بہت سے مسائل منجملہ یورینیم کی افزودگی کے حق کو تسلیم کرالیا ہے اوراس کام کی وجہ سے مغربی ممالک ایران کے خلاف تیارکئے گئے بے بنیادمعاملات سے پسپائی اختیار کرنے پر مجبور ہوئے -
انہوں نے علاقے کی صورتحال اور دہشت گردی کے بارے میں بھی کہا کہ مغرب دہشت گردی کےخلاف جنگ میں سنجیدہ نہیں ہے- مجلس شورائےاسلامی کے اسپیکرنےکہا کہ آج علاقے کی ایک بڑی مشکل جو امریکی ایجنٹوں کےذریعے کھڑی کی گئ ہے و ہ مذہب کے نام پر جنگ اور اس کا پروپیگنڈہ ہے جس کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں ہے- انہوں نے کہا کہ اس مسئلے کو ہوا دینے میں علاقے کی بعض حکومتیں بھی امریکا کا ساتھ دے رہی ہیں -
پارلیمنٹ کے اسپیکر ڈاکٹرعلی لاریجانی نے کہاکہ امریکا اور مغرب علاقے کے ملکوں کے قدرتی ذخائر اورتیل کی دولت کو لوٹنا چاہتے ہیں -