Apr ۲۸, ۲۰۱۶ ۲۰:۳۷ Asia/Tehran
  • یوم خلیج فارس کے موقع پر تہران میں شاندار تقریب کا انعقاد

یوم خلیج فارس کےموقع پرتہران میں ایک شاندار تقریب کا اہتمام کیا گیاجس میں ایرانی حکام کھلاڑیوں اور فنکاروں کی خاصی تعداد نے شرکت کی-

مذہبی اور قومی اقلیتوں کے امور میں اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر کے مشیر علی یونسی نے یوم خلیج فارس کی تقریب میں خطاب کرتے ہوئے کہاکہ خلیج فارس ایران کا قومی سمبل اور اتحاد کا مظہرہے -انہوں نے کہا کہ خلیج فارس کے ساحلی ملکوں کو چاہئے کہ وہ اپنے اختلافات کو بھلاکر اتحاد کی جانب قدم بڑھائیں -

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر کے مشیر نے علاقے کی بعض حکومتوں کی جانب سے خلیج فارس کا نام بگاڑ کرپیش کرنے پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ دنیا کی سبھی دستاویزں اورجغرافیادانوں کی تحریروں میں ہر جگہ خلیج فارس ہی درج ہے - قانونی امورمیں ایران کے نائب صدر الہام امین زادہ نے بھی اس تقریب میں خطاب کرتےہوئے کہا کہ خلیج فارس کا علاقہ انتہائی اسٹریٹیجک اور تیل کی دولت سے مالامال علاقہ ہے- ان کاکہنا تھا کہ اس حساس علاقےکے بحران کا اثر ایشیا، یورپ اور حتی پوری دنیا پر مرتب ہوگا-

ایران کے ایٹمی توانائی کے ادارے کے ترجمان بہروزکمال وندی نے بھی اس پروگرام میں تقریرکرتے ہوئے کہاکہ خلیج فارس کے ساحلی ملکوں کو چاہئے کہ وہ ان ماحولیاتی مسائل اور سنگین مشکلات کو روکنے کی تدبیر کریں جو خلیج فارس کے لئے خطرہ بن سکتی ہیں - انہوں نے کہا کہ خلیج فارس کے ساحلی ملکوں کو چاہئے کہ وہ اس علاقے کو ان بیرونی طاقتوں کی جولانگاہ نہ بننے دیں جو اپنے مفادات علاقے کی بدامنی اور بحرانوں میں تلاش کرتی ہیں -

ایران کے وزیرثقافت و ارشاد اسلامی علی جنتی نے بھی اس موقع پر خلیج فارس کو ایرانیوں کی پہچان اور ایرانیوں سے متعلق قراردیا اور کہا کہ خلیج فارس کانام قیامت تک اسی نام سے باقی رہے گا -یوم خلیج فارس کی مناسبت سے جنوبی ایران کے جزیرہ قشم میں بھی ایک پروگرام منقعد ہوا جس میں خلیج فارس کا نام بگاڑکرپیش کرنے پر مبنی علاقے کی بعض حکومتوں کے اقدام کی مذمت کی گئی - قشم میں ہونےوالے اس پروگرام میں یمن اور بحرین میں سعودی جارحیت کی مذمت کی گئی۔ جزیرہ قشم میں ہونے والے اس پروگرام میں عراق، بحرین اور اقوام متحدہ کے ادارے یونسکو کےمندوبین نے بھی شرکت کی -

واضح رہے کہ انتیس اپریل اسلامی جمہوریہ ایران میں یوم خلیج فارس کے طور پر منایا جاتاہے -

ٹیگس