انتیس اپریل: خلیج فارس کا قومی دن
آج جمعہ انتیس اپریل ایران کے جنوبی سمندر سے پرتگیزیوں کو باہر نکالنے کا دن ہے کہ جسے اسلامی جمہوریہ ایران میں خلیج فارس کے قومی دن کا نام دیا گیا ہے۔
یہ دن، ایرانیوں کی قومی غیرت کا دن ہے کہ جو اپنی سرزمین اور سمندری حدود کا دفاع کرنے کے لیے ہمیشہ تیار ہیں اور کسی بھی غیر کو اس علاقے کی طرف ہاتھ بڑھانے کی اجازت نہیں دیں گے۔
خلیج فارس یا بحیرہ پارس بحیرہ عمان کے ساتھ اور اسلامی جمہوریہ ایران اور جزیرہ نمائے عرب کے درمیان واقع ہے۔
گزشتہ برسوں کے دوران خلیج فارس کے نام میں تحریف کرنے کے لیے بہت زیادہ کوششیں کی گئی ہیں جبکہ تاریخی دستاویزات یہ ثابت کرتی ہیں کہ اس علاقے کو قدیم زمانے سے خلیج فارس کے نام سے جانا جاتا ہے اور اس کو ہمیشہ اسی نام سے جانا جائے گا۔
قانونی امور میں ایران کے صدر کے مشیر الہام امین زادہ نے جمعرات کے روز تہران میں اس سلسلے میں ہونے والی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بین الاقوامی خاص طور پر اقوام متحدہ کی دستاویزات پوری دنیا کے ملکوں کو خلیج فارس کا نام استعمال کرنے کی پابند بناتی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ خلیج فارس کا علاقہ انتہائی اسٹریٹیجک اور تیل کی دولت سے مالامال علاقہ ہے- اس حساس علاقے کے بحران کا اثر ایشیا، یورپ اور حتی پوری دنیا پر مرتب ہو گا-