ایرانی آئل ٹینکروں کو سومڈ پائپ لائن تک رسائی مل گئی
سعودی عرب کی پیٹرول پالیسی کے برخلاف، مصر نے ایران کے آئل ٹینکروں کو نہر سوئز سے گزرنے کی اجازت دے دی ہے۔
قاہرہ سے ہمارے نمائندے کے مطابق حکومت مصر نے ایران کے دیوہیکل آئل ٹینکروں کو،مصر یورپ آئل پائپ لائن سومڈ تک رسائی دینے اورنہر سوئز سے گزر نے کا اجازت نامہ جاری کردیا ہے۔
مذکورہ اجازت نامہ، سعودی عرب کی ان کوششوں کے لیے بڑا دھچکہ ہے جو وہ ایران کے تیل کی یورپ برآمدات کو محدود کرنے کی غرض سے انجام دے رہا ہے۔
ایران اس وقت تقریبا پانچ لاکھ بیرل یومیہ تیل، یورپی منڈیوں میں فروخت کے لیے روانہ کرتاہے۔ مصر کی جانب سے نہر سوئز سے گزرنے کی اجازت ملنے کے بعد ایران کے دیو ہیکل آئل ٹینکرز براہ راست ایرانی تیل یورپ کی منڈیوں تک پہنچا سکیں گے۔
مصر کے وزیر پیٹرولیم طارق المولی نے ایران کے خلاف پابندیوں کے خاتمے سے پہلے کہا تھا کہ، عالمی منڈی میں ایران کی واپسی کے بعد سومڈ پائپ لائن کے ذریعے یورپ کے لئے خام تیل کی ترسیل میں زبردست اضافہ ہوگا اور مصر اس کا خیر مقدم کرے گا-
تین سو بیس کلومیٹر طویل سومڈ آئل پائپ لائن بحیرہ احمر سے مغربی اسکندریہ کی بندرگاہ کے درمیان بچھائی گئی ہے۔