May ۰۳, ۲۰۱۶ ۰۸:۰۷ Asia/Tehran
  • رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای کے ساتھ، جنوبی کوریا کی صدر پارک گئون ہای کی ملاقات
    رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای کے ساتھ، جنوبی کوریا کی صدر پارک گئون ہای کی ملاقات

رہبر انقلاب اسلامی نے اس بات پر زور دیا ہے کہ ایران اور جنوبی کوریا کے تعلقات کو امریکہ کی دشمنی اور پابندیوں سے متاثر نہیں ہونا چاہیے۔

رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے پیر کے شام جنوبی کوریا کی صدر پارک گئون ہای سے ملاقات میں فرمایا کہ اسلامی جمہوریہ ایران ایشیائی ملکوں کے ساتھ تعاون میں اضافے کے بارے میں مثبت نظر رکھتا ہے اور ایران اور جنوبی کوریا کے درمیان دائمی اور پائیدار تعلقات دونوں ملکوں کے لیے مفید ہیں۔

رہبر انقلاب اسلامی نے دونوں ملکوں کے پائیدار، مضبوط اور گہرے تعلقات پر تاکید کرتے ہوئے فرمایا کہ ایران اور جنوبی کوریا کے سمجھوتے اور معاہدے اس طرح ہونے چاہییں کہ خارجی عوامل اور پابندیاں ان پر منفی اثر نہ ڈال سکیں کیونکہ یہ مناسب نہیں ہے کہ ایران اور جنوبی کوریا جیسے ملکوں کے تعلقات امریکہ کے زیر اثر ہوں۔

آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے امریکیوں کی جانب سے دہشت گردی کو اچھی اور بری میں تقسیم کرنے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے فرمایا کہ امریکہ دہشت گردی کے خلاف جنگ کا نعرہ لگاتا ہے لیکن عمل میں وہ سچائی کا مظاہرہ نہیں کرتا جبکہ دہشت گردی ہر شکل میں بری اور قوموں اور ملکوں کی سلامتی کے لیے خطرناک ہے، کیونکہ امن و سلامتی کے بغیر مطلوبہ ترقی و پیشرفت نہیں ہو گی اور دہشت گردی اور بدامنی کے خطرے کا حقیقی اور صحیح مقابلہ کرنا چاہیے۔

اس ملاقات میں کہ جس میں صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی بھی موجود تھے، جنوبی کوریا کی صدر محترمہ پارک گئون ہای نے اپنے دورہ تہران کو دو طرفہ تعلقات کو فروغ دینے اور باہمی اعتماد کو بڑھانے کے لیے ایک بہترین موقع قرار دیا۔

انھوں نے ایران کو بہترین اور کارآمد افرادی قوت اور منفرد جغرافیائی پوزیشن کا حامل ملک قرار دیا اور کہا کہ جنوبی کوریا کو امید ہے کہ دونوں ملکوں کے تعلقات مختلف میدانوں خاص اقتصادی شعبے میں فروغ پائیں گے۔

ٹیگس