May ۰۳, ۲۰۱۶ ۱۴:۴۰ Asia/Tehran
  •  ساری دنیا ایران  پر اعتماد کرتی ہے، صدر حسن روحانی

صدر ڈاکٹرحسن روحانی نے کہا ہے کہ آج ساری دنیا ایران اور اس کے وعدوں پر اعتماد کرتی ہے۔

تہران میں عالمی کتاب میلے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر حسن روحانی کا کہنا تھا کہ ایران اپنے عقیدے اور سوچ کی بنیاد پر اپنے وعدوں کی پاسداری کرتا رہے گا۔ صدر نے کہا کہ مختلف ملکوں کے صدور کے دورے اور طویل المدت معاہدوں پر دستخط ، ایران پر دنیا کے اعتماد کا مظہر ہیں۔

ڈاکٹر حسن روحانی نےکہا کہ ایران نے چھے بڑی طاقتوں کے ساتھ پیچیدہ مذاکرات میں، زبردست کامیابی حاصل کی ہے جس سے نہ صرف ایران،بلکہ پوری دنیا کو فائدہ پہنچے گا۔

صدر مملکت نے کہا کہ، غیر ملکی کمپنیوں اور سرمائے کا ایران کی جانب ارتکاز اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ ایٹمی مذاکرات کی کامیابی سب کے مفاد میں ہے۔

انہوں نےکہا کہ خطے کے بعض ممالک مذاکرات کو خطرہ سمجھ کر اسے ناکام بنانے کی کوشش کر رہے تھے لیکن ایران کےعوام نے مذاکرات کو کامیابی کی منزل سے ہمکنار کیا۔

صدر ایران کا کہنا تھا کہ کتاب اور تہذیب فکر کے ذریعے پابندیوں کے بعد کا مرحلہ بھی کامیابی کے ساتھ طے کرلیا جائے گا۔

صدر حسن روحانی نے عالمی کتب میلے کی افتتاحی تقریب میں شریک روسی صدر کے خصوصی نمائندے سمیت تمام غیرملکی مہمانوں کا شکریہ بھی ادا کیا۔

قابل ذکر ہے کہ انتیسواں عالمی کتب میلہ منگل سے تہران میں شروع ہوگیا ہے جو چودہ مئی تک جاری رہے گا۔

ٹیگس