امریکا کی خباثت کی وجہ سے ایران پابندیوں کےخاتمے کے ثمرات سے فائدہ نہیں اٹھا پا رہا ہے: سید عباس عراقچی
سینیئر ایٹمی مذاکرات کار اور نائب وزیرخارجہ سید عباس عراقچی نے کہا ہے کہ امریکا کی خباثت کی وجہ سے اسلامی جمہوریہ ایران پابندیوں کےخاتمے کے ثمرات سے فائدہ نہیں اٹھا پا رہا ہے
ایران کے نائب وزیرخارجہ اور سینیئر ایٹمی مذاکرات کار سید عباس عراقچی نے ہفتے کو ایران کے صوبہ البرز کے صوبائی حکام کے ساتھ ایک نشست میں کہا کہ ایران کے لئے ایٹمی ٹیکنالوجی کے حق کو تسلیم کر لیا جانا، ایران کے خلاف سلامتی کونسل کی قراردادوں کا خاتمہ اور ایران مخالف پابندیوں کو اٹھالیا جانا یہ تین اہم مقاصد تھے جو اسلامی جمہوریہ ایران نے ایٹمی مذاکرات کے دوران حاصل کئے ہیں - انہوں نے کہا کہ امریکا چاہتا تھا کہ ایران ایٹمی ٹیکنالوجی تک رسائی حاصل نہ کرسکے -
نائب وزیرخارجہ نے کہا کہ تہران نے سینٹریفیوج مشینوں کی تعداد میں کمی کرنے پر رضامندی ظاہر کر دی لیکن یہ بات سب سے منوالی کہ ایران کو ایٹمی ٹیکنالوجی رکھنے کا حق حاصل ہے اور حتی اراک کا ہیوی واٹر پلانٹ بھی جس کو وہ بند کرنا چاہتے تھے بدستورکام کر رہا ہے -
نائب وزیرخارجہ سید عباس عراقچی نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران آج سائنس و ٹیکنالوجی کی اس بلندی پر پہنچ چکا ہے کہ ایٹمی ٹیکنالوجی کے میدان میں خود کفیل ہو گیا ہے - اور وہ ہیوی واٹر بجلی گھر بھی بنا سکتا ہے- ایران کے نائب وزیرخارجہ نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ امریکا کی خباثت اور بدطینتی کی وجہ سے پابندیوں کے خاتمے کے اثرات پوری طرح نمایاں نہیں ہو پا رہے ہیں کہا کہ امریکا نے ایٹمی معاہدے کی بنیاد پر کچھ پابندیاں ہٹالی ہیں لیکن یہ بات ہرگز فراموش نہیں کرنی چاہئے کہ امریکا بدستور ایران کا دشمن ہے اور کوشش کر رہا ہے کہ ایران ایٹمی معاہدے کے ثمرات سے فائدہ نہ اٹھا سکے -
ان کا کہنا تھا کہ امریکی، صیہونی اور سعودی حکام کوشش کر رہے ہیں کہ ایرانوفوبیا پھیلا کرغیرملکی سرمایہ کاروں اور تاجروں کو ایران میں سرمایہ کاری کرنے سے روک دیں تاکہ ایران اقتصادی لحاظ سے ترقی نہ کرسکے -