May ۱۰, ۲۰۱۶ ۱۳:۴۷ Asia/Tehran
  • ایرانی اموال کی لوٹ کا معاملہ بین الاقوامی عدالت لے جائیں گے، صدر مملکت ڈاکٹر روحانی

ایران کے صدر نے کہا ہے کہ امریکہ کی جانب سے ایرانی قوم کے دو ارب ڈالر ضبط کئے جانے کا کیس جلد ہی بین الاقوامی عدالت انصاف میں پیش کر دیا جائے گا۔

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے منگل کو جنوبی ایران کے صوبے کرمان میں عظیم عوامی اجتماع سے اپنے خطاب میں تاکید کے ساتھ کہا کہ حکومت، امریکہ کی جانب سے ایرانی قوم کے ضبط کئے جانے والے دو ارب ڈالر کو واپس لینے کے لئے کسی بھی کوشش سے دریغ نہیں کرے گی۔

صدر مملکت نے کہا کہ ایران کی حکومت اس بات کی ہرگز اجازت نہیں دے گی کہ ایرانی عوام کی دولت کو ضبط کر لیا جائے اور اس معاملے کو جلد ہی بین الاقوامی عدالت انصاف میں پہنچا دیا جائے گا۔

ڈاکٹر روحانی نے ایٹمی معاہدے پرعمل درآمد کے نتائج کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ گذشتہ چند ماہ کے دوران ایران میں تین ارب سے زائد ڈالر کی سرمایہ کاری ہوئی ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ رہبر انقلاب اسلامی کی ہدایات، عوام اور دیگر قوتوں کے اتحاد کی بدولت اسلامی جمہوریہ ایران تاریخی مراحل کو بخوبی طے کرنے اور ایٹمی معاہدے میں فتح حاصل کرنے میں کامیاب رہا ہے۔ انھوں نے کہا کہ اب ایرانو فوبیا کا حربہ ناکام ہو چکا ہے اور اقوام عالم پر ایران کے دشمنوں کی باتوں کا کوئی اثر نہیں ہوتا۔

ایران کے صدر ڈاکٹر روحانی نے ایران اور علاقے کی سلامتی کے تحفظ میں سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے موثر کردار کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی، عراق و شام میں حرم ھای مطہر اور زیارتگاہوں کے دفاع اور لبنان، فلسطین، افغانستان اوران تمام علاقوں میں کہ جہاں ایران کی حکومت اور قوم سے مدد کی درخواست کی گئی ہے، مکمل حوصلے اور دلیری سے کام لے رہی ہے۔

واضح رہے کہ صدر مملکت، ستّائیسویں صوبائی دورے میں منگل کو جنوبی ایران کے صوبے کرمان پہنـچے ہیں۔ اپنے اس دو روزہ صوبائی دورے میں ڈاکٹر حسن روحانی مختلف پروجیکٹوں اور منصوبوں کا افتتاح اور سرمایہ کاری اور ترقی سے متعلق اجلاس میں شرکت کے علاوہ اس صوبے کے مختلف علماء اور فداکار و برگزیدہ شخصیات سے ملاقات بھی کریں گے۔

ٹیگس