ایران اور کروشیا کے اعلی سطحی وفود کے مشترکہ مذاکرات
اسلامی جمہوریہ ایران اور کروشیا نےدوطرفہ تعلقات کوفروغ دینے کےلئے تعاون کےکئی سمجھوتوں اور مفاہمتی نوٹس پر دستخط کئے ہیں-
ایران اور کروشیاکے درمیان مفاہمتی نوٹس اور باہمی تعاون کے سمجھوتوں پر دستخط بدھ کو تہران میں ایران کے صدر ڈاکٹرحسن روحانی اور کروشیا کی صدر کولینڈا گربار کیتاروویچ کی شرکت سے دونوں ملکوں کے اعلی رتبہ وفود کے درمیان ہونے والے مذاکرات کے بعد ہوئے-
اسلامی جمہوریہ ایران کے صدرڈاکٹر حسن روحانی نے ایران اور کروشیا کے اعلی رتبہ وفود کے مشترکہ مذاکرات میں دوطرفہ علاقائی اور عالمی سطح کے تعاون اور باہمی تعلقات کو فروغ دینے کےلئےایران اور کروشیا کے مضبوط عزم وارادے کا ذکرکرتے ہوئے کہا کہ اس سلسلے میں دونوں ملکوں میں پائی جانے والی توانائیوں اور مواقع سے فائدہ اٹھانے کی ضرورت ہے-
صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے دونوں ملکوں کے تعلقات کو دوستانہ قراردیا اور کہاکہ کروشیا ، بالقان کا علاقہ اور جنوب مشرقی یورپ کے ممالک اسلامی جمہوریہ ایران کے لئے خاص اہمیت رکھتے ہیں اور کروشیا کی صدر کا یہ دورہ دونوں ملکوں کے درمیان نئے تعلقات کی برقراری کی سمت آگے بڑھنے کا ایک اچھا آغاز ہے-
انہوں نے دوطرفہ علاقائی اور عالمی سطح پر باہمی تعاون اور تعلقات کومستحکم بنانے کےلئے ایک دوسرے کی توانائیوں اور مواقع سے استفادے کی ضرورت پر زوردیتے ہوئے کہا کہ ایران اور کروشیا دنیا کو تشدد اورانتہا پسندی سے پاک بنانے سے متعلق اقوام متحدہ کی قرارداد کے تحت اچھا تعاون کرسکتےہیں-
صدرمملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں دونوں ملکوں کے تعاون اورسرگرمیوں کی ضرورت پر زوردیتے ہوئے کہاکہ آج دہشت گردی دنیا کے لئے ایک بڑا خطرہ بنی ہوئی ہے -انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کو وجود میں لانے والے اقتصادی اور ثقافتی عوامل اور اس کے حامیوں کا پتہ لگاکر اسے پھیلنے سے روکنے کی ضرورت ہے -
کروشیا کی صدر کولینڈاگربار کیتاروویچ نے بھی ان مشترکہ مذاکرات میں مختلف میدانوں منجملہ اقتصادی اور تجارتی شعبوں میں ایران کے ساتھ کرویشیا کے تعلقات کو فروغ دینے کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران یورپی یونین میں کروشیا کو ایک اچھے اور بہترین دوست کے طورپر دیکھ سکتاہے- انہوں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ اور علاقے میں امن و استحکام کی برقراری میں ایران کے موثر کردار کی تعریف کرتے ہوئےدہشت گردی اور انتہا پسندی کے خلاف مہم میں دونوں ملکوں کے تعاون پر زوردیا -