May ۱۸, ۲۰۱۶ ۱۸:۵۹ Asia/Tehran
  • ایران اور کروشیا کی، دوطرفہ تعلقات کو مستحکم بنانے پر تاکید

ایران کے صدر حسن روحانی اور کروشیاکی صدر کولینڈا گربارکیتاروویچ نے دوطرفہ تعلقات کومستحکم بنانے اور علاقائی اورعالمی سطح پراپنے تعاون کی تقویت خاص طور پر دہشت گردی اور انتہا پسندی سے مقابلے اور دوطرفہ تعاون پر تاکید کی ہے-

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے بدھ کو کروشیا کی صدر کولینڈا گربارکیتاروویچ کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس میں کہا کہ کروشیا خطہ بالقان میں ایران کا دوست ملک ہے -

انہوں نے کہا کہ سابق یوگسلاویہ سے آزادی کے بعد ایران نے فورا ہی کروشیا کو تسلیم کیا اور اسی وقت سے دونوں ملکوں کے تعلقات دوستانہ ہیں -

صدرڈاکٹرحسن روحانی نے کہاکہ کروشیا کے ایران کے ساتھ تاریخی اور ثقافتی اشتراکات ہیں اور اس کی جغرافیائی پوزیشن بھی بہت ہی اہم ہے اس لئے یہ ملک یورپی یونین کے ساتھ ایران کے تعلقات کا دروازہ ثابت ہوسکتاہے -

کروشیا کی صدر گربارکیتاروویچ نے بھی اس مشترکہ پریس کانفرنس میں اپنے دورہ تہران کو دونوں ملکوں کے تعلقات خاص طور پر اقتصادی تعلقات کی برقراری اور توسیع میں ایک سنگ میل قراردیا -

انہوں نے کہا کہ کروشیا ، یورپی یونین کے لئے ایران کی انرجی کی منتقلی کے لئے بہترین راستہ ثابت ہوسکتا ہے- کروشیاکی صدرنے علاقائی اور بین الاقوامی مسائل میں دونوں ملکوں کے تعاون کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کی علاقے میں کلیدی حیثت ہے اورکروشیا ، یورپی یونین کے ایک رکن کی حیثیت سے علاقے میں کشیدگی کم کرنے کے تعلق سے ایران کے اقدامات کی حمایت کرتاہے -

ان کا کہنا تھا کہ کروشیا یورپی یونین کے ساتھ ایران کے تعلقات کی توسیع کی بھرپور حمایت کرتاہے -

ٹیگس