امت مسلمہ امریکی آلہ کاروں کے خلاف اٹھ کھڑی ہو: خطیب جمعہ تہران
تہران کے خطیب جمعہ نے مسلم امہ سے دہشت گرد گروہوں، امریکہ کے پٹھووں اور صیہونی حکومت کے خلاف جدوجہد کی اپیل کی ہے۔
تہران کی مرکزی نماز جمعہ کے خطبوں میں آیت اللہ امامی کاشانی نے اسلامی ملکوں کے خلاف سامراجی طاقتوں کی سازشوں کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ مسلم امہ اپنے اتحاد اور بیداری کے ذریعے دشمنوں کی تمام سازشوں کو ناکام بنا دے گی۔
تہران کے خطیب جمعہ نے یہ بات زور دے کر کہی کہ امریکہ اور اس کے اتحادی اسلامی ملکوں کی ترقی کو ہرگز برداشت نہیں کر سکتے لہذا وہ خطے کے امن و استحکام کو تباہ کرنے کے لیے کسی بھی جرم کے ارتکاب سے گریزاں نہیں ہیں۔
آیت اللہ امامی کاشانی نے ایرانو فوبیا اور اسلامو فوبیا کے بارے میں رہبر انقلاب اسلامی کے انتباہ کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ عراق، فلسطین، لبنان، یمن اور شام میں اسلام کے نام پر قتل عام اور جرائم کا ارتکاب، عالمی طاقتوں کی ایرانو اور اسلامو فوبیا پالیسی کے تحت کیا جا رہا ہے۔
تہران کے خطیب جمعہ نے امریکہ اور صیہونی حکومت کی پالیسیوں کے تحت قومی خواہشات کے برخلاف دہشت گرد گروہوں کی حمایت کرنے والی بعض علاقائی حکومتوں پر بھی کڑی نکتہ چینی کی۔ انہوں نے کہا کہ ان سازشوں کا مقابلہ کرنے کے لیے اسلامی بیداری اور امت مسلمہ کا اتحاد اہم ترین ضرورت ہے۔
آیت اللہ امامی کاشانی نے یہ بات زور دے کر کہی کہ ایران کے عوام امریکہ اور اس کے علاقائی آلہ کاروں کی چالوں سے پوری طرح آگاہ ہیں اور جو امن و امان اور سلامتی ایران میں پائی جاتی ہے وہ اس قوم کے اتحاد اور رہبر انقلاب اسلامی کی رہنمائی کی دین ہے۔
تہران کے خطیب جمعہ نے ایرانی عوام کے خلاف امریکہ کی سازشوں اور مجرمانہ اقدامات سے پہنچنے والے نقصانات کے ازالہ اور واشنگٹن سے تاوان وصول کرنے کی غرض سے پارلیمنٹ کے بل کا بھی خیر مقدم کیا۔ انہوں نے حکومت ایران سے اپیل کی کہ وہ پارلیمنٹ کے بل کے مطابق ایرانی عوام کے حقوق کی بالادستی کے لیے اپنی پوری توانائیاں بروئے کار لائے۔