مجلس خبرگان یا ماہرین کی کونسل ایک رہنما ادارہ : صدر مملکت ڈاکٹرحسن روحانی
اسلامی جمہوریہ ایران کےصدر نے کہا ہے کہ مجلس خبرگان یا ماہرین کی کونسل سخت حالات میں عوام کو اطمینان وسکون عطا کرنے والا ایک رہنما ادارہ ہے
صدر ڈاکٹرحسن روحانی نے پانچویں مجلس خبرگان کے افتتاحی اجلاس کے موقع پر کہا کہ مجلس خبرگان کی ذمہ داری ہے کہ ضرورت پڑنے پر جیسا کہ آئین میں کہا گیا ہے کہ خاص حالات میں رہبرکا انتخاب کر کے عوام کے سامنے اس کو متعارف کرائے -
انہوں نے اسلامی جمہوری نظام میں مجلس خبرگان یا ماہرین کی کونسل کی اہمیت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ مجلس یا کونسل درحقیقت ایک ایسی کونسل ہے جو عوام کو سخت حالات میں اطمینان اور سکون عطاکرتی ہے -
صدر مملکت حسن روحانی نے کہا کہ مجلس خبرگان کے ذریعے درحقیقت دینی جمہوریت یا دین کی بنیاد پر عوامی حکمرانی حقیقی معنوں میں ظاہر ہوتی ہے - انہوں نے کہا کہ اس کونسل کے سبھی ممبران کا انتخاب عوام کرتے ہیں اور دوسرے یہ کہ سبھی ممبران فقیہ اور مجتہد ہوتے ہیں جن کی شورائے نگبہان تائید کرتی ہے- واضح رہے کہ پانچویں مجلس خبرگان کا پہلا اجلاس رہبر انقلاب اسلامی کے پیغام سے منگل کو شروع ہوا جس میں اعلی سول اور فوجی شخصیات نے شرکت کی - اس سے پہلے سبھی ممبران نے حلف اٹھایا اور حلف نامے پر دستخط کئے -