لیتھوانیا کے وزیرخارجہ کی صدر حسن روحانی سے ملاقات
اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نےکہا ہے کہ موجودہ حالات ایران اور یورپی یونین کے تعلقات کو فروغ دینے کے لئے بہت ہی مناسب ہیں
لیتھوانیا کے وزیرخارجہ لیناس لینکویسیوس نے تہران میں صدرمملکت ڈاکٹرحسن روحانی سے ملاقات کی - اس ملاقات میں صدر ڈاکٹرحسن روحانی نے کہا کہ ایران اور لیتھوانیا اپنے مشترکہ تعاون کو مضبوط اور مستحکم بنانےکے لئے وسیع تر وسائل کے حامل ہیں-
انہوں نے کہا کہ ان وسائل کا بہتر استعمال کر کے دونوں ممالک اپنے تعلقات میں نئے باب کا آغاز کر سکتے ہیں- ان کا کہنا تھا کہ ایران اور لیتھوانیا کو چاہئے کہ وہ تجارتی تعلقات سے بڑھ کر وسیع تر اقتصادی تعلقات کی جانب قدم بڑھائیں-
اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے دہشت گردی کے خطرات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کا مقابلہ کرنے کے لئے سبھی ملکوں کا تعاون اور مضبوط ارادہ ضروری ہے- ان کا کہنا تھا کہ بعض ملکوں کو یہ بات سمجھنی ہوگی کہ سیاسی اور علاقائی مقاصد کے حصول کے لئے دہشت گردوں کی حمایت اور ان کا استعمال مناسب طریقہ نہیں ہے اور اس کا کوئی نتیجہ نہیں نکلے گا-
صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے زور دے کر کہا کہ دہشت گردی اور خاص طور پر داعش کےخلاف جنگ میں پس پردہ عوامل کا پتہ لگا کر دہشت گردی اور داعش کے حامی ملکوں کے مقابلے میں کھڑے ہونے کی ضرورت ہے تاکہ یہ ممالک داعش کو جدید ہتھیار اور مالی امداد فراہم نہ کرسکیں اور نتیجے میں علاقے کے ملکوں کے تیل کے ذخائر اور آثار قدیمہ اب اس سے زیادہ تباہ و برباد نہ ہو سکیں-
لیتھوانیا کے وزیرخارجہ نے بھی کہا کہ ان کا ملک تمام شعبوں میں ایران کے ساتھ تعلقات کو فروغ دینے کاخواہشمند ہے-