ایران یوکرین تعلقات کے فروغ پر زور
صدر حسن روحانی نے ایران اور یوکرین کے درمیان تعلقات کے فروغ کا خیر مقدم کیا ہے۔
تہران میں یوکرین کے وزیر خارجہ پاؤلو کلم کن سے بات چیت کرتے ہوئے صدر حسن روحانی نے کہا کہ دونوں ملکوں کے تعلقا ت شروع ہی سے دوستانہ رہے ہیں اور تہران دوستی کے ان رشتوں کو مزید مضبوط بنانا چاہتا ہے۔
صدر نے کہا کہ ایران اور یوکرین کے درمیان تعلقات کے فروغ کی بے پناہ گنجائش موجود ہے اور دونوں ممالک علاقائی معیشت کی ترقی میں ایک دوسرے کے ساتھ بھرپور تعاون کرسکتے ہیں۔ انہوں نے ایران اور یوکرین کے درمیان ٹرانزٹ ٹریڈ کے فروغ پر بھی زور دیا۔ صدر نے کہا ہے کہ ایران اور یوکرین کے نجی شعبے کے درمیان تعاون اور بینکاری مشکلات کو حل کر کے ،باہمی اقتصادی ، تجارتی اور صنعتی سرگرمیوں کا راستہ مزید ہموار کیا جاسکتا ہے۔
صدرحسن روحانی نے مشرقی یورپ میں امن و استحکام کو ضروری قرار دیتے ہوئے کہا کہ خطے کی مشکلات کو مذاکرات کے ذریعے پرامن طریقے سے حل کیا جانا چاہیے۔
یوکرین کے وزیر خارجہ پاؤلو کلم کن نے اس ملاقات میں ایران کو تاریخ کے ایک عظیم اور بھرپور تہذیبی ورثے کا حامل ملک قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ یوکرین کی حکومت ایران کے ساتھ تمام شعبوں میں تعلقات کو فروغ دینے کا عزم رکھتی ہے۔