May ۳۰, ۲۰۱۶ ۱۵:۳۷ Asia/Tehran
  • فریضہ حج سے ایرانی مسلمانوں کو محروم کر دیا گیا

اسلامی جمہوریہ ایران کے ادارہ حج و زیارت کے سربراہ سعید اوحدی نے فریضہ حج کے بارے میں آل سعود کے نقطہ نگاہ کو مکمل طور پر سیاسی اور منطق سے عاری قرار دیا ہے ۔

انھوں نے بتایا کہ مذاکرات میں سعودی وفد نے حج کے تعلق سے گیارہ پابندیوں کو اور شرائط کو معاہدے میں شامل کرنے کا مطالبہ کیا جو اس سے پہلے نہیں رہی ہیں ۔ سعید اوحدی نے بتایا کہ ایران نے سعودیوں کو بتا دیا ہے کہ ان کی یہ شرائط اور پابندیاں اس کو منظور نہیں ہیں۔

ایران کے ادارہ حج و زیارت کے سربراہ نے بتایا کہ سعودیوں نے ایرانی عازمین حج کے ایران کے ہوائی جہازوں اور نقل و حمل کے وسائل سے استفادے پر پابندی کے ساتھ ہی نو دیگر پابندیاں بھی لگائی ہیں جو ایران کے لئے قابل قبول نہیں ہے ۔

انھوں نے بتایا کہ سعودی حکومت کو پہلے ہی بتا دیا گیا تھا کہ عزت و شرف ایرانی عازمین حج کا مسلمہ حق ہے ۔ انھوں نے کہا کہ سعودیوں کو یہ بھی بتا دیا گیا ہے کہ ایران کے نقل و حمل کے وسائل سے استفادہ بھی ایرانی عازمین حج کے مسلمہ حقوق میں شامل ہے۔

انھوں نے کہا کہ سعودی حکومت نے جو شرائط اور پابندیاں لگائی ہیں ان سے ظاہر ہوتا ہے کہ وہ چاہتے ہی نہیں ہیں کہ یہ مسئلہ حل ہو سکے۔ ایران کے ادارہ حج و زیارت کے سربراہ نے کہا کہ سعودی حکومت کی پیش کردہ کوئی بھی شرط اور پابندی ضروری اور قابل قبول نہیں ہے ۔

انھوں نے کہا کہ سعودی حکومت ایرانی عازمین حج کے بارے میں معاہدے کے تعلق سے وقت ضائع کرنے کی پالیسی پرعمل کر رہی تھی اور اس معاہدے پر دستخط نہیں کرنا چاہتی تھی۔

انھوں نے کہا کہ آئندہ سال کے حج کے تعلق سے ابھی سے کارروائی شروع کردی گئی ہے تاکہ ایران کے مسلمان عوام یہ فریضہ ادا کرسکیں اور آئندہ سال کے حج میں ہم اس سال کا کوٹہ بھی حاصل کرنے کی کوشش کریں گے۔

ایران کے ادارہ حج و زیارت کے سربراہ نے اس گفتگو میں کہا کہ حج ایک واجب فریضہ ہے اس میں کسی کو بھی رکاوٹ ڈالنے کا حق نہیں ہے ۔ انھوں نے کہا کہ اگر سعودی حکومت میزبانی کا دعوی کرتی ہے تو اس کو مہمانوں کے لئے ضروری سہولیات فراہم کرنی چاہئیں ۔

انھوں نے کہا کہ سعودی عرب میں ایرانی عازمین حج کے ساتھ جان بوجھ کے اور خاص مقصدکے تحت سعودی حکام اور ذمہ دار سعودی اداروں کی حمایت سے بدسلوکی کی جاتی ہے ۔

سعید اوحدی نے کہا کہ انھوں نے ہوائی اڈے پر ایرانیوں کے ساتھ بدسلوکی کی ہے جس کی اسلامی اور اخلاقی تعلیمات ہرگز اجازت نہیں دیتیں۔ انھوں نے بتایا کہ سعودیوں نے کاروانوں کے علما کی توہین کی ، ان سے قرآن چھین لئے اور قران کریم کی بھی توہین کی ۔

ایران کے ادارہ حج وزیارت کے سربراہ نے کہا کہ سعودی حکام نے رکاوٹیں کھڑی کرکے ایرانی عازمین کو حج کی ادائیگی سے محروم کر دیا ہے اور سعودی حکومت اس کے لئے جواب دہ ہے۔

انھوں نے سعودی عرب کے ادارہ حج کے اس دعوے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہ ایران نے اس سال حج کے بارے میں معاہدے پر دستخط سے انکار کر دیا ہے کہا کہ ایران ایسے کسی بھی معاہدے پر دستخط نہیں کرسکتا جو ایرانی عازمین حج کی سلامتی کا ضامن نہ ہو۔

ٹیگس