مغربی تمدن کا شیرازہ بکھر رہا ہے: حسین سلامی
اسلامی جمہوریہ ایران کی سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے ڈپٹی کمانڈر انچیف بریگیڈیئر جنرل حسین سلامی نے کہا ہے کہ مظلوم قوموں کی ثروت لوٹنے کے بعد اب مغربی تمدن کا شیرازہ بکھر رہا ہے-
سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے ڈپٹی کمانڈر انچیف بریگیڈیئر جنرل حسین سلامی نے تہران میں مدافعان حرم فلم فیسٹیول کی اختتامی تقریب میں کہا کہ مغرب کہ جو لبرل ازم پر بھروسہ کرکے مظلوم قوموں کی مادی و معنوی ثروتوں کو لوٹنے اور تباہ کرنے، بڑی بڑی جنگیں مسلط کرنے ، بے گناہ افراد کو آوارہ اور بے گھر کرنے ، فوجی بغاوت کرنے اور عوام کی آزادیاں چھیننے میں مشغول تھا ، اب اس کا شیرازہ بکھر رہا ہے-
جنرل سلامی نے کہا کہ مغربی تمدن کے زوال کے ساتھ ہی اسلامی تمدن، کہ جس کا پیغام آزادی ، عدل و انصاف ، عزت و شرافت ، انسانی اقدار کا احیاء اور اقوام عالم کی پیشرفت رہا ہے، اب عروج پا رہا ہے- انہوں نے کہا مغربی تمدن نے عالم اسلام کو حقیر کرنے ، اسلامی حکومتوں کو کمزور کرنے ، ان کی دولت و ثروت کو لوٹنے اور ان کی ثقافت کو نابود کرنے کے سوا اور کچھ نہیں کیا ہے-
جنرل حسین سلامی نے کہا کہ اسلام نے مسلمانوں کے ذہن و دل میں، علم و آگہی کا بیج بویا ہے اور ایران کے اسلامی انقلاب نے بھی فوجی طاقت کے توازن کو مسلمانوں کے حق میں تبدیل کیا ہے لیکن آج عالم اسلام میں سامراجی ایجنٹ، عورتوں اور بچوں کو بے گھر کر رہے ہیں-
ایران کی سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے ڈپٹی کمانڈر انچیف نے کہا کہ ایران نے گذشتہ چار عشروں میں بڑی طاقتوں کی سازشوں کا ڈٹ کر مقابلہ کیاہے اور اگر چہ ماضی میں عالم اسلام امریکہ ، برطانیہ اور ان کے اتحادیوں کے لئے لوٹ مار اور جنگ و جدال کا میدان تھا لیکن آج کسی بھی اسلامی ملک میں ان دو ملکوں کے حکام کے لئے لال کارپیٹ نہیں بچھایا جاتا اور انہیں عزت کی نگاہ سے نہیں دیکھا جاتا-