تیل کی پیداوار چار ملین بیرل یومیہ سے زیادہ ہوجائےگی
اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر پیٹرولیم کا کہنا ہے کہ ایران کے تیل کی پیداوار چار ملین بیرل یومیہ سے زیادہ ہوجائےگی۔
ایران کے وزیر پیٹرولیم بیژن نامدار زنگنہ نے، جو تیل پیدا کرنےوالے ملکوں کی تنظیم اوپیک کےاجلاس میں شرکت کے لئے ویانا پہنچے ہیں، نامہ نگاروں سےگفتگو کے دوران کہا کہ ایران اس وقت اڑتیس لاکھ بیرل تیل روزانہ نکال رہا ہے- انہوں نے کہا کہ جلد ہی ایران کے خام تیل کی پیداوار یومیہ چالیس لاکھ بیرل سے زائد ہو جائے گی
انہوں نے کہا کہ مئی میں ایران کے خام تیل کی برآمدات کی شرح روزانہ بیس لاکھ بیرل سے زیادہ تھی ان کا کہنا تھا کہ ایران پابندیوں سے قبل کے دور میں جتنا تیل نکالتا تھا پیداوار کی اس سطح پر پہنچنے کے بعد اپنی پیداواری شرح میں مزید اضافہ کرے گا
انہوں نے اوپیک میں کوٹہ سسٹم کو دوبارہ نافذ کئے جانے کی ضرورت پر زوردیتےہوئے کہا کہ کوٹہ سسٹم کے بغیر مجموعی پیداوار کا حجم اوپیک کے کسی بھی ملک کے لئے سود مند نہیں ہے اور اوپیک کے سبھی ملکوں کے لئے الگ الگ کوٹہ معین ہونا چاہئے -
انہوں نےکہا کہ موجودہ صورتحال میں تیل کی قیمت فی بیرل ستر ڈالر مناسب قیمت ہے اور یہی قیمت مقرر ہونی چاہئے -انہوں نے کہا کہ اوپیک اگر تیل کی منڈیوں میں استحکام لانے کے لئے کوئی کوشش کرتی ہے تو ایران اس کی بھرپور حمایت کرے گا