حضرت امام خمینی رح عالم اسلام کی ایک ممتاز شخصیت تھے: آیت اللہ تسخیری
عالم اسلام کے امور میں رہبرانقلاب اسلامی کے مشیر آیت اللہ محمد علی تسخیری نے کہا ہے کہ امام خمینی رح عالم اسلام کی ایک ممتاز اور غیر معمولی شخصیت تھے جنھوں نے پوری دنیا کو بدل کر رکھ دیا-
آیت اللہ تسخیری نے جمعرات کوحضرت امام خمینی رح اور امت اسلامیہ کے زیرعنوان منعقدہ ایک بین الاقوامی کانفرنس میں، جس میں دنیا کے مختلف ملکوں کے دانشوروں،علما اورمہمانوں نے شرکت کی، تقریرکرتے ہوئے کہا کہ ایران کا اسلامی انقلاب حضرت امام خمینی رح کا معجزہ تھا اور انہوں نے اس انقلاب کے ذریعے اسلام کے پیرؤوں اور چاہنے والوں کے دلوں پرحکومت کی
آیت اللہ تسخیری نے کہا کہ حضرت امام خمینی رح مختلف اعلی پہلؤوں کے حامل تھے جن میں اعلی علمی، عرفانی اور عقلی پہلؤوں کی جانب اشارہ کیاجاسکتاہے۔ آیت اللہ تسخیری نے کہا کہ وہ ایک عظیم فلسفی اورعالم اسلام کے بے مثال مفکر تھے - انہوں نےکہا کہ امام خمینی رح نے اپنی غیرمعمولی دوراندیشی کی بدولت آنےوالی نسلوں کے لئے حیرت انگیزمثبت اثرات چھوڑے ہیں-
کل جمعے کو حضرت امام خمینی رح کی ستائیسویں برسی منائی جارہی ہے اس موقع پر پورا ایران سیاہ پوش اورعزادار ہے اورملک کے سبھی چھوٹے بڑے شہروں میں مجالس ترحیم اور تعزیتی جلسوں، کانفرنسوں اور سیمیناروں کا اہتمام کیا جارہا ہے
حضرت امام خمینی رح کی برسی کا مرکزی پروگرام تہران میں آپ کے مرقد منور پر ہوگا جس میں دسیوں لاکھ سوگواروں اور عقیدت مندوں کے ساتھ ایران کی اعلی سول اور عسکری قیادت اور دیگر حکام شرکت کریں گے- برسی کے پروگرام میں شرکت کے لئے بڑی تعداد میں آپ کے عقیدت مند ایران کے مختلف شہروں سےسیکڑوں کلومیٹر کا راستہ پیدل طے کر کے تہران پہنچے ہیں