ایران اور پورپ کے درمیان تجارت میں اضافہ
یورپی یونین کے شعبہ خارجہ پالیسی کی سربراہ فیڈریکا موگرینی نے کہا ہے کہ رواں سال کے پہلے چار مہینے میں ایران اور یورپ کے درمیان تجارتی لین دین میں بائیس فیصد کا اضافہ ہوا ہے
یورپی یونین کے شعبہ خارجہ پالیسی کی سربراہ فیڈریکا موگرینی نے اوسلو میں ایران کے وزیرخارجہ محمد جواد ظریف اور ناروے کے وزیرخارجہ بورگہ برندے کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس میں کہا کہ یورپی یونین اس وقت یورپی بینکوں اور تجارتی کمپنیوں کو ایران میں سرمایہ کاری کی ترغیب دلا رہی ہے-
اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیرخارجہ محمد جواد ظریف نے بھی اس مشترکہ پریس کانفرنس میں ایٹمی معاہدے پرعمل درآمد کے تعلق سے امریکا کے وعدوں کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ امریکا کو چاہئے کہ وہ یورپی بینکوں کو ایران کے ساتھ معاملات کی انجام دہی کی ترغیب دلانے اور اس بات کی ضمانت دینے کے لئے کہ ایران کے ساتھ رابطہ برقرار کرنے کی صورت میں ان کے خلاف تادیبی کارروائی نہیں کی جائے گی مزید عملی اقدامات کرے -
ایران کے وزیرخارجہ نے کہا کہ ایٹمی معاہدے پرعمل درآمد بھی ایسا ہونا چاہئے کہ جس سے سب کو فائدہ پہنچے تاکہ سب کو اس بات کا احساس ہو سکے کہ یہ معاہدہ سب کے نفع میں ہے -
ایران کے وزیرخارجہ نے اس مشترکہ پریس کانفرنس میں عراق اور شام میں دہشت گردوں کے ذریعے پیدا کئے گئے بحرانوں کے بارے میں پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ سب کو اس بات پر متفق ہو جانا چاہئے کہ عراق اور شام کے بحرانون کو فوجی طریقے سے حل نہیں کیا جا سکتا -
اوسلو میں قیام کے دوران وزیرخارجہ جواد ظریف بدھ کو امریکی وزیرخارجہ جان کیری سے بھی ملاقات کریں گے- اس ملاقات میں ایٹمی معاہدے پرعمل درآمد میں تیزی لانے کے طریقوں پر بات چیت ہوگی -
خیال ہے کہ ایران کے وزیرخارجہ اس ملاقات میں ایٹمی معاہدے پر عمل درآمد کی راہ میں امریکا کی طرف سے رکاوٹیں کھڑی کئے جانے اور اپنے وعدوں پر عمل نہ کئے جانے کے مسئلے پر بات چیت کریں گے -