Jun ۱۶, ۲۰۱۶ ۰۸:۰۹ Asia/Tehran
  • ایران نے امریکہ کے خلاف بین الاقوامی عدالت انصاف میں مقدمہ درج کرا دیا

صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے کہا ہے کہ ایرانی حکومت نے سینٹرل بینک سے تقریبا دو ارب ڈالر کی ڈکیتی اور ان کو ضبط کرنے کی بنا پر امریکہ کے خلاف بین الاقوامی عدالت انصاف میں مقدمہ درج کرا دیا ہے۔

ارنا کی رپورٹ کے مطابق ڈاکٹر حسن روحانی نے بدھ کی رات شہدا کے اہل خانہ کے ساتھ افطار پارٹی کے موقع پر مزید کہاکہ حکومت ایران اپنی قوم کے حقوق کے حصول، دو ارب ڈالرز کی واپسی اور ایران کو پہنچنے والے نقصان کے ازالے تک اس کیس کی پیروی کرتی رہے گی۔

ڈاکٹر حسن روحانی نے مزید کہا کہ امریکی عدالت نے غیر قانونی فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ یہ رقم ان امریکیوں کے اہل خانہ کو دی جائے جو لبنان میں مارے گئے اور یہ بات واضح نہیں ہے کہ امریکی لبنان میں کیا کر رہے تھے اور اس مسئلے کا ایران سے کیا تعلق ہے۔

امریکی سپریم کورٹ نے گزشتہ اپریل کے مہینے میں لبنان میں سنہ انیس سو تراسی میں بم دھماکے میں ہلاک ہونے والے امریکیوں کے اہل خانہ کو ایران کے منجمد کئے گئے اثاثوں سے تقریبا دو ارب ڈالر دینے کی توثیق کی تھی۔

واضح رہےکہ ایران نے بیروت میں امریکی فوجیوں کے مرکز میں ہونے والے بم دھماکے میں کسی بھی طرح سے ملوث ہونے کی تردید کی ہے۔ اس بم دھماکے میں دو سو اکتالیس امریکی فوجی ہلاک ہوئے تھے۔

 

ٹیگس