ایرانی وزیر خارجہ یورپی ممالک کا دورہ مکمل کر کے تہران واپس پہنچ گئے
اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف ناروے اور جرمنی کا تین روزہ دورہ مکمل کرنے کے بعد تہران واپس لوٹ آئے ہیں۔
ارنا کی رپورٹ کے مطابق وزیرخارجہ محمد جواد ظریف کے ناروے اور جرمنی کے دورے کا مقصد ان ممالک کے ساتھ سیاسی اور اقتصادی شعبوں میں دو طرفہ تعلقات میں توسیع اور مشترکہ جامع ایکشن پلان پر عملدرآمد کے سلسلے میں مشاورت کرنا تھا۔
محمد جواد ظریف نے اپنے دورۂ اوسلو کے موقع پر ناروے کے وزیرخارجہ، پارلیمنٹ کے اسپیکر، خارجہ اور دفاعی پالیسی کمیشن کے سربراہ اور دو سابق وزرائے اعظم سے ملاقاتیں اور مذاکرات کئے۔
محمد جواد ظریف نے منگل کے دن یورپی یونین کی خارجہ پالیسی شعبے کی سربراہ فیڈریکا موگرینی اور ناروے کے وزیر خارجہ بورگے برینڈے کے ساتھ مل کر اوسلو فورم 2016 کے اجلاس کا افتتاح کیا اور اپنی تقریر میں علاقائی مسائل کے حل کے لئے بنیادی تبدیلیوں کی ضرورت پر تاکید کی۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ بدھ کے دن برلن بھی گئے جہاں انہوں نے جرمن وزیر خارجہ فرانک والٹر اشٹائن مائر سے ملاقات اور مذاکرات کئے۔