Jun ۲۴, ۲۰۱۶ ۱۵:۳۶ Asia/Tehran

تہران کے خطیب جمعہ نے بحرینی عوام کے خلاف آل خلیفہ حکومت کے تشدد آمیز اقدامات کو انسانیت سوز قراردیتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ ان اقدامات کے سنگین نتائج برآمدہوں گے-

تہران کے خطیب جمعہ حجت الاسلام کاظم صدیقی نے تہران کی مرکزی نمازجمعہ کے خطبوں میں بحرینی عوام پر آل خلیفہ حکومت کے بڑھتے ہوئے دباؤ اور تشدد آمیز اقدامات کا ذکرکرتے ہوئے کہا کہ بحرینی عوام صرف اپنے جائزحقوق کا مطالبہ کررہے ہیں اور پرامن تحریک چلارہے ہیں-

تہران کے خطیب جمعہ نے اس بات کا ذکرکرتے ہوئے کہ بحرینی عوام کو ان کے جائزمطالبات اور پرامن تحریک کاجواب گولیوں سے دیا جا رہا ہے کہا کہ آل خلیفہ حکومت، سعودی حکومت کی پالیسیوں کو عملی جامہ پہنانے کے لئے بحرینی عوام پر، جو اپنی تقدیر کا فیصلہ خود کرنے کا حق مانگ رہے ہیں، کسی بھی طرح کا ظلم ڈھانے سے دریغ نہیں کررہی ہے-

تہران کے خطیب جمعہ نے بحرینی عوام کو بے دردی کے ساتھ کچلنے اور بحرین اور سعودی عرب میں علما کو قید کرنے اور ان کی شہریت منسوخ کئے جانے پرگہری تشویش کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ ہم ان ظالمانہ اقدامات کی مذمت کرتے ہیں -

انہوں نے خبردار کیا کہ اگر یہ ظالمانہ اقدامات جاری رہتےہیں تو آل خلیفہ اور آل سعود حکومتیں نابود ہوجائیں گی -

تہران کے خطیب جمعہ نے فلسطینیوں کے پانی میں زہرملانے کو جائز قراردینے کے صیہونی خاخاموں کے فتوے کی مذمت کرتے ہوئے کہاکہ یہ بربریت اور وحشیانہ عمل حضرت موسی کلیم اللہ کی تعلیمات سے پوری طرح تضاد رکھتا ہے-

تہران کے خطیب جمعہ نے یمنی بچوں کے قاتل کی حیثیت سے سعودی عرب کا نام بلیک لیسٹ سے نکال دیئےجانے کے اقوام متحدہ کے اقدام کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ اس اقدام نے اقوام متحدہ کی ساکھ کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے اور اس سے ثابت ہوگیا ہے کہ یہ بین الاقوامی ادارہ سیاسی اور مالی طاقتوں کے زیراثر ہے -

حجت الاسلام کاظم صدیقی نے یمن کے معذور، زخمی ، یتیم اور بھوکے بچوں کے سلسلے میں اقوام متحدہ کی خاموشی کو بلا جواز قراردیتے ہوئے کہاکہ اس عالمی ادارے کی اخلاقی حیثیت پر سوالیہ نشان لگ گیاہے-

ٹیگس