دہشت گردی مسلمانوں کی سلامتی کے لیے خطرہ ہے: لاریجانی
اسلامی جمہوریہ ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر ڈاکٹر علی لاریجانی نے کہا ہے کہ تکفیری دہشت گردی نے مسلمان قوموں کی سلامتی کو خطرے میں ڈال دیا ہے۔
ارنا کی رپورٹ کے مطابق ڈاکٹر علی لاریجانی نے ایک پیغام میں ترکی کی پارلیمنٹ کے اسپیکر اسماعیل قہرمان کو استنبول کے اتاترک بین الاقوامی ہوائی اڈے پر دہشت گردانہ حملے میں ترک اور غیرملکی باشندوں کی ہلاکت پر تعزیت پیش کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ تکفیری دہشت گردی نے مسلمان قوموں کی سلامتی کو خطرے میں ڈال دیا ہے۔
ڈاکٹر علی لاریجانی نے استنبول ہوائی اڈے پر نہتے لوگوں پر دہشت گردوں کے حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کا مقابلہ کرنے کے لیے علاقے اور عالمی سطح پر بھرپور اقدامات خاص طور پر سیکورٹی، سیاسی اور ثقافتی اقدامات کرنا ضروری ہے۔
ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر نے اپنے پیغام میں مزید کہا ہے کہ علاقے میں بڑھتی ہوئی دہشت گردی، فلسطینی سرزمین پر قبضے کو باقی رکھنے، مظلوم فلسطینی عوام کے حقوق کو پامال اور عالم اسلام کو کمزور کرنے کے لیے صیہونی حکومت اور تسلط پسند عالمی طاقتوں کی پالیسیوں کا نتیجہ ہے لیکن بلاشبہ صیہونزم کا نابودی کا وقت قریب ہے۔